
بالی ووڈ اداکار عامر خان نے فلم ’3 ایڈیٹس‘ کے مشہور کردار ’رانچو‘ اور سماجی کارکن و ماہر تعلیم سونم وانگ چک کے درمیان تعلق سے متعلق پائی جانے والی قیاس آرائیوں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کردار سونم وانگ چک کی زندگی سے متاثر ہو کر تخلیق نہیں کیا گیا تھا۔
عامر خان نے لندن انڈین فلم فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں شرکت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ’3 ایڈیٹس‘ بنائی جا رہی تھی تو وہ، فلم کے ہدایت کار راج کمار ہیرانی اور مصنف ابھیجیت جوشی سونم وانگ چک کو نہیں جانتے تھے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ فلم کے کرداروں کو سونم وانگ چک کی شخصیت سے جوڑنا ایک غلط فہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونم وانگ چک کی سماجی خدمات اور تعلیمی میدان میں کام قابلِ احترام ہے، لیکن انہیں فلم کے کسی کردار سے جوڑنے کی ضرورت نہیں۔
عامر خان نے سونم وانگ چک کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے معاملات بہتر انداز میں حل ہوں گے۔
سونم وانگ چک بھی ماضی میں اس موضوع پر بات کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ سمجھتے ہیں کہ فلم ان کی زندگی سے متاثر ہے تو وہ اس دعوے کی نہ مکمل حمایت کرتے ہیں اور نہ ہی مخالفت، کیونکہ اصل اہمیت کسی شخصیت کے کام کی ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’3 ایڈیٹس‘ 2009 میں ریلیز ہوئی تھی اور اسے بھارتی فلم انڈسٹری کی کامیاب ترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ فلم میں عامر خان نے ایک ایسے طالب علم کا کردار ادا کیا تھا جو روایتی تعلیمی نظام سے ہٹ کر سوچنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔









