ٹیکس وصولی میں کمی، آئی ایم ایف کا ہنگامی اقدامات پر زور

0
4
ٹیکس وصولی میں کمی، آئی ایم ایف کا ہنگامی اقدامات پر زور

اسلام آباد: ملک میں ٹیکس وصولی کے مقررہ اہداف حاصل نہ ہونے پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو اضافی اقدامات کرنے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اکتوبر کے دوران ٹیکس وصولی میں 129 ارب روپے جبکہ ابتدائی چار ماہ میں مجموعی طور پر 96 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کے لیے 15 ہزار 264 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس آمدن میں کمی کا سلسلہ برقرار رہنے کی صورت میں حکومت کو نئے ٹیکس لگانے یا سرکاری اخراجات محدود کرنے جیسے اقدامات پر غور کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس حوالے سے آئندہ اقتصادی جائزوں میں ٹیکس وصولی سے متعلق شرائط مزید سخت کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق وفاقی اور صوبائی سطح پر جنرل سیلز ٹیکس کی وصولی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نئے مالی سال کا بجٹ پیش کیے جانے سے قبل ریٹیل، ہول سیل اور زرعی شعبوں کو مؤثر انداز میں ٹیکس نیٹ میں لانے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔

آئی ایم ایف نے پیشہ ور افراد سمیت ایسے تمام شعبوں کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے پر زور دیا ہے جو تاحال ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت طے شدہ اہداف اور شرائط پر عمل درآمد ضروری ہے، جبکہ ٹیکس وصولی میں بہتری آئندہ اقتصادی جائزوں کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔

Leave a reply