
اسلام آباد: آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر تک جبکہ پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کو اس ممکنہ اضافے کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔
حکومت کی جانب سے قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں کمی پر غور کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ متعلقہ اداروں کو مارکیٹ میں نگرانی بڑھانے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔









