مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت منظور، 10 نومبر تک گرفتاری سے ریلیف مل گیا

0
19
مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت منظور، 10 نومبر تک گرفتاری سے ریلیف مل گیا

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا انفلوئنسر مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے انہیں 10 نومبر تک ریلیف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق مسٹر پتلو اپنے وکیل قاسم عباسی کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ وہیل چیئر پر عدالت پہنچنے والے یوٹیوبر کی درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت کے بعد حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

مسٹر پتلو کو سیالکوٹ میں درج ایک مقدمے کے سلسلے میں گرفتاری کا خدشہ تھا، جس پر انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ میں ان کی مہندی کی تقریب کے دوران پیش آنے والے بھگدڑ کے واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔ واقعہ فراز کرکٹ گراؤنڈ میں پیش آیا، جہاں تقریب کے دوران انعامات کی تقسیم کے اعلان پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے تھے۔

پولیس کی ایف آئی آر کے مطابق گراؤنڈ میں اچانک لوگوں کے داخل ہونے کی کوشش کے باعث بدنظمی پیدا ہوئی اور بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں عقیل نامی ایک شخص جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

مقدمے میں مسٹر پتلو سمیت 9 افراد کو نامزد کیا گیا تھا، جبکہ 40 سے 45 نامعلوم افراد کو بھی شامل تفتیش کیا گیا۔

واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں گراؤنڈ کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد اور اندر داخل ہونے کی کوشش کے دوران پیدا ہونے والی بدنظمی دیکھی گئی تھی۔

اہم بات: حفاظتی ضمانت کی منظوری مقدمے سے بریت نہیں بلکہ گرفتاری سے عارضی قانونی تحفظ ہے۔ مقدمے کی مزید کارروائی متعلقہ قانونی فورم پر جاری رہے گی۔

Leave a reply