
موسیٰ خیل: بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری کے علاقے کلی چاپ اور اس کے گرد و نواح میں جمعہ کے روز زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جسکی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا، جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
ضلعی حکام کے مطابق زلزلے سے 90 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ کئی کچے مکانات مکمل یا جزوی طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔ مختلف علاقوں سے مزید نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں، جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ریسکیو اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں اور نقصانات کا مکمل تخمینہ لگانے کے لیے سروے جاری ہے۔
حکام نے شہریوں کو ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر محفوظ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔









