عثمان ڈیمبیلے نے ورلڈ کپ 2026 میں برق رفتار ہیٹ ٹرک سے نیا سنگ میل عبور کر لیا

0
22
عثمان ڈیمبیلے نے ورلڈ کپ 2026 میں برق رفتار ہیٹ ٹرک سے نیا سنگ میل عبور کر لیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں فرانس کے اسٹار فارورڈ عثمان ڈیمبیلے نے ناروے کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 32 منٹ میں ہیٹ ٹرک مکمل کر دی اور ایک منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا۔

بوسٹن میں کھیلے گئے گروپ آئی کے میچ میں ڈیمبیلے نے ساتویں منٹ میں پہلا گول کیا، جب انہوں نے طاقتور شاٹ کے ذریعے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد 20ویں منٹ میں پنالٹی ایریا سے باہر سے خوبصورت شاٹ لگا کر دوسرا گول اسکور کیا، جبکہ 32ویں منٹ میں تیسرا گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔

اس کارکردگی کے ساتھ ڈیمبیلے 1994 کے بعد پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے فیفا ورلڈ کپ کے کسی میچ کے پہلے ہاف میں ہی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے فرانس کے تیسرے فٹبالر بھی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل جسٹ فونٹین اور کیلیان ایمباپے یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ فونٹین نے 1958 کے عالمی کپ میں دو ہیٹ ٹرکس اسکور کی تھیں، جبکہ ایمباپے نے 2022 کے ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹینا کے خلاف تین گول کیے تھے۔

ورلڈ کپ 2026 میں یہ اب تک کی دوسری ہیٹ ٹرک ہے۔ اس سے پہلے کینیڈا کے جوناتھن ڈیوڈ نے گروپ بی کے میچ میں قطر کے خلاف تین گول اسکور کیے تھے۔

ڈیمبیلے کی شاندار فارم نے نہ صرف فرانس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا بلکہ انہیں عالمی کپ کی تاریخ کے نمایاں ریکارڈ ہولڈرز میں بھی شامل کر دیا۔

Leave a reply