ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو سی پی ایس پی کی اعزازی فیلوشپ سے نواز دیا گیا

0
37
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو سی پی ایس پی کی اعزازی فیلوشپ سے نواز دیا گیا

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو طب، خصوصاً دل کی سرجری کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کی اعزازی فیلوشپ پیش کی۔

یہ اعزاز اسلام آباد میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران دیا گیا، جس میں پاکستان اور ایران کے اعلیٰ حکام، طبی ماہرین اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کی طبی شعبے میں خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی فیلوشپ سے نوازا۔

ڈاکٹر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے۔ نور خان ایئربیس پر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انکا استقبال کیا۔

پاکستان آمد پر ایرانی صدر کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ پاک فضائیہ کے جے ایف-17 طیاروں نے فضائی سلامی پیش کی۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھول پیش کر کے مہمان صدر کا خیرمقدم کیا۔

بعد ازاں ایرانی صدر وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں انہیں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Leave a reply