عمران خان کی بہنوں کے لیے بڑا دھچکا، نظربندی میں مزید ایک ماہ کا اضافہ

0
19
عمران خان کی بہنوں کے لیے بڑا دھچکا، نظربندی میں مزید ایک ماہ کا اضافہ

لاہور: پنجاب حکومت نے علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظربندی میں مزید 30 روز کی توسیع کردی ہے۔ اس پیش رفت سے متعلق رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں پیش کی گئی، جس کے بعد عدالت نے درخواست نمٹا دی۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران سیکرٹری داخلہ کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ تینوں خواتین کی نظربندی کی مدت میں مزید 30 روز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

سرکاری وکیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے نظربندی میں توسیع کی سفارش پنجاب حکومت کو بھجوائی تھی، جس پر 7 اکتوبر کو توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ نظربندی کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر نے جاری کیا تھا، تاہم انہیں درخواست میں فریق نہیں بنایا گیا۔

بعد ازاں عدالت نے سیکرٹری داخلہ کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔

Leave a reply