
سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے دنیا بھر میں اپنے پلیٹ فارمز پر کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے نئی اور سخت حفاظتی پالیسیوں کا نفاذ شروع کر دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق 13 سے 17 سال عمر کے صارفین کے انسٹاگرام، فیس بک اور میسنجر اکاؤنٹس پر مواد اور رابطوں سے متعلق اضافی پابندیاں نافذ کی جا رہی ہیں۔ یہ نئی سیٹنگز 2 جون سے عالمی سطح پر مرحلہ وار لاگو کی جا رہی ہیں۔
میٹا کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد نوجوان صارفین کو نامناسب مواد اور غیر محفوظ آن لائن سرگرمیوں سے بچانا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت کم عمر افراد ایسے اکاؤنٹس کا مواد نہیں دیکھ سکیں گے اور نہ ہی انہیں فالو کر سکیں گے جو حساس یا نامناسب نوعیت کا مواد شیئر کرتے ہیں۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ ایسے اکاؤنٹس کو 18 سال سے کم عمر صارفین کی سفارشات (ریکمینڈیشنز) اور سرچ نتائج سے بھی ہٹا دیا جائے گا۔
یہ فیچرز پہلے چند ممالک، جن میں امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا شامل ہیں، میں متعارف کرائے گئے تھے، تاہم اب انہیں دنیا بھر کے صارفین تک توسیع دی جا رہی ہے۔
میٹا نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ آن لائن تحفظ کے شعبے میں کام کرنے والی تنظیم “الائس” کے تعاون سے نوجوان صارفین کے لیے نئے حفاظتی فیچرز کی تیاری اور جانچ کا عمل جاری رکھے گی۔
نئی تبدیلیوں میں بعض حساس سرچ اصطلاحات تک رسائی محدود کرنا اور مواد کی نمائش کو مزید محفوظ بنانا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ والدین کو اضافی کنٹرولز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں اور مواد تک رسائی کی بہتر نگرانی کر سکیں۔









