
لاہور میں شہریوں سے عیدی کے نام پر رقم وصول کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمہ پولیس نے سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے واضح کیا ہے کہ پولیس کے وقار کو نقصان پہنچانے والے اہلکاروں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، جبکہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق شاہدرہ اور اسلام پورہ کے علاقوں سے بعض پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں سے پیسے مانگنے کی شکایات موصول ہوئیں، جس پر فوری طور پر انکوائری کا حکم دیا گیا۔
تحقیقات میں الزامات درست ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف تھانہ شاہدرہ اور تھانہ اسلام پورہ میں مقدمات درج کر لیے گئے۔ اہلکاروں پر دفعہ 155-C اور گداگری ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ عوام سے غیر قانونی طور پر رقم وصول کرنے والے اہلکار محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں اور ایسے عناصر کی فورس میں کوئی جگہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی اقدامات جاری رہیں گے، جبکہ فیلڈ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت عملے کی نگرانی یقینی بنائیں اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور قانون کے مطابق رویہ اختیار کریں۔









