
مہوش حیات نے اپنے فلمی کیریئر کے آغاز سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئٹم سانگ ’بلی‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھنا ان کے بہترین فیصلوں میں شامل تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ڈراموں سے فلموں کی جانب سفر ان کے لیے ایک بڑا اور جرات مندانہ قدم تھا، جس کے نتائج کسی بھی سمت جا سکتے تھے۔
اداکارہ کے مطابق ’بلی‘ کی شوٹنگ کے دوران وہ شدید تھکن اور جسمانی چوٹوں کا شکار تھیں، جبکہ ذہنی دباؤ بھی محسوس کر رہی تھیں۔ تاہم، انہیں اپنے فلمی انداز اور صلاحیتوں پر مکمل اعتماد تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سینئر اداکار جاوید شیخ نے بھی ایک موقع پر ان کے “فلمی چہرے” کی تعریف کی تھی۔
مہوش حیات نے کہا کہ ہدایت کار فضا علی میرزا اور نبیل قریشی نے ان کی پرفارمنس دیکھنے کے بعد ان سے رابطہ کیا اور اس گانے کو فلم کا قدرتی حصہ بنانے پر خاص توجہ دی۔ ان کے مطابق، گانے کی عکس بندی اس انداز میں کی گئی کہ وہ فلم کے ماحول سے مکمل ہم آہنگ محسوس ہو۔
اسی گفتگو میں فہد مصطفیٰ نے شوٹنگ کے دوران پیش آنے والا ایک دلچسپ واقعہ بھی شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مہوش حیات کی پرفارمنس دیکھتے ہوئے لوکیشن کا ایک شخص اتنا محو ہوگیا کہ بلندی سے نیچے گر پڑا۔ فہد مصطفیٰ نے مہوش کو ایک شاندار پرفارمر قرار دیا۔
واضح رہے کہ مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ جلد آنے والی ہارر کامیڈی فلم زومبیڈ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، جس کی ریلیز عید الاضحیٰ کے موقع پر متوقع ہے۔
مہوش حیات اس سے قبل پنجاب نہیں جاؤں گی، ایکٹر ان لاء اور لندن نہیں جاؤں گا جیسی کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے باعث خاص شہرت حاصل کر چکی ہیں۔









