
لاہور: بھارت میں دیوالی کے موقع پر ہونے والی آتش بازی کے باعث پیدا ہونے والی آلودگی کے اثرات لاہور میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں، جہاں مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح تشویش ناک حد تک بڑھ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق لاہور منگل کے روز دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست رہا۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 289 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بعض علاقوں میں آلودگی کی شدت اس سے کہیں زیادہ رہی۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق کینال روڈ پر اے کیو آئی 639 تک پہنچ گیا، جو انتہائی خطرناک سطح ہے۔ اسی طرح برکی روڈ پر 370، علامہ اقبال ٹاؤن میں 342، گلبرگ میں 324، بیدیاں روڈ پر 318 اور لوئر مال کے علاقے میں 303 ریکارڈ کیا گیا۔
ماڈل ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن میں فضائی آلودگی کا انڈیکس 289 جبکہ ڈیفنس میں 255 رہا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے اسموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق آلودگی سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں اسموگ گنز کے ذریعے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔
حکومت کی جانب سے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں، جبکہ فضائی آلودگی میں کمی لانے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔









