بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں 104 رنز سے شکست دے دی

0
22
بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں 104 رنز سے شکست دے دی

بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 104 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ میرپور میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین پر پہلی بار ٹیسٹ فتح اپنے نام کی۔
بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شنتو نے پہلی اننگ میں سنچری اور دوسری اننگ میں 87 رنز کی ذمہ دارانہ اننگ کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
میچ کے آخری روز بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگ 240 رنز پر ڈکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 268 رنز کا ہدف دیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے مومن الحق نے بھی 56 رنز کی اہم اننگ کھیلی۔
پاکستانی باؤلرز میں حسن علی اور نعمان علی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسی دوران نعمان علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں بھی مکمل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی۔ امام الحق صرف 2 رنز بنا سکے جبکہ اذان اویس نے 15 رنز اسکور کیے۔ مڈل آرڈر میں سعود شکیل اور محمد رضوان بھی زیادہ مزاحمت نہ کر سکے اور دونوں 15، 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستانی ٹیم ایک مرحلے پر 152 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکی تھی، تاہم اگلے چند رنز کے دوران مزید تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے اور پوری ٹیم 163 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلہ دیش نے پہلی اننگ میں 413 رنز بنائے جبکہ پاکستان اپنی پہلی اننگ میں 386 رنز تک محدود رہا۔
اس فتح کے ساتھ بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر اپنی پہلی ٹیسٹ کامیابی حاصل کر لی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 16 مئی سے چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔

Leave a reply