عمران خان کی ہدایت پر انصاف لائرز فورم میں بڑی تبدیلی، نیا چیف آرگنائزر مقرر

0
0
عمران خان کی ہدایت پر انصاف لائرز فورم میں بڑی تبدیلی، نیا چیف آرگنائزر مقرر

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہدایت پر پارٹی کی وکلا تنظیم انصاف لائرز فورم (آئی ایل ایف) میں اہم تنظیمی تبدیلی کر دی گئی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق انتظار پنجوتھہ کی جگہ نیاز اللہ نیازی کو انصاف لائرز فورم کا نیا چیف آرگنائزر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ہدایت عمران خان نے اڈیالہ جیل میں اپنی قانونی ٹیم سے ملاقات کے دوران دی۔ بدھ کے روز ہونے والی اس ملاقات میں ان کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کے علاوہ بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔

ملاقات میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف زیرِ سماعت مقدمات، قانونی درخواستوں اور مستقبل کی قانونی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان نے جیل میں دستیاب سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ انہیں باقاعدگی سے ٹی وی دیکھنے اور اخبارات پڑھنے کی سہولت مل رہی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کی سیاسی و تنظیمی کوششوں کو بھی سراہا اور ان کے لیے خصوصی پیغام بھجوایا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے بشریٰ بی بی کی صحت اور اپنی بہنوں کی گرفتاری کے حوالے سے تشویش کا اظہار بھی کیا۔

یہ ملاقات اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جیل انتظامیہ کو عمران خان اور ان کی قانونی ٹیم کے درمیان ملاقات یقینی بنانے کی ہدایت کے بعد ہوئی۔

ملاقات ختم ہونے پر بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ میڈیا سے بات کیے بغیر جیل سے روانہ ہوگئے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے وکلا کے ذریعے دی گئی ہدایات کے بعد پی ٹی آئی کی تنظیمی اور قانونی حکمت عملی میں مزید تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔

Leave a reply