ایران کا یورپی اور ہمسایہ ممالک کو سخت انتباہ، ناکہ بندی میں تعاون کو اعلانِ جنگ قرار دے دیا

0
22
ایران کا یورپی اور ہمسایہ ممالک کو سخت انتباہ، ناکہ بندی میں تعاون کو اعلانِ جنگ قرار دے دیا

ایران نے یورپی ممالک اور اپنے ہمسایہ ملکوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی ملک نے ایران کے خلاف ممکنہ بحری یا اقتصادی ناکہ بندی میں تعاون کیا تو اسے دشمنی اور اعلانِ جنگ کے مترادف سمجھا جائے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف محاصرے کی کوششوں میں شریک ہونے والے ممالک کو اس کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

محمد مخبر کے مطابق ایران مخالف اقدامات میں کسی بھی قسم کا تعاون تہران کی نظر میں ناقابلِ قبول ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات میں شریک ممالک اس کے اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکیں گے۔

انہوں نے مغربی ممالک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ خطے میں جاری کشیدگی اور امریکا و اسرائیل کی ایران مخالف پالیسیوں نے عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ ایران کے معاشی اور سمندری راستوں کو محدود کرنے کی کوششوں میں شامل ہونے والے فریقوں کے اقدامات کو ایرانی عوام طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کے ممکنہ اقدامات کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

تہران اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ واضح کر چکا ہے کہ اس کی معیشت، سمندری تجارت اور اہم تجارتی راستوں میں بیرونی مداخلت کی کوششوں کا جواب دیا جائے گا۔

Leave a reply