کراچی میں بڑی کارروائی، مبینہ ڈرگ نیٹ ورک کی سرغنہ انمول عرف پنکی گرفتار

0
42
کراچی میں بڑی کارروائی، مبینہ ڈرگ نیٹ ورک کی سرغنہ انمول عرف پنکی گرفتار

کراچی: کراچی پولیس اور ایک وفاقی ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہر کے علاقے گارڈن سے مبینہ ڈرگ نیٹ ورک کی سرغنہ خاتون انمول عرف پنکی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ ملک بھر میں منشیات کی ترسیل اور فروخت کے ایک منظم نیٹ ورک میں ملوث تھی اور کئی مقدمات میں مطلوب تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزمہ کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور بڑی مقدار میں اعلیٰ معیار کی منشیات برآمد کی گئی ہیں جن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمہ منشیات کی سپلائی کے لیے خواتین رائڈرز کا استعمال کرتی تھی تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچا جا سکے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نیٹ ورک کے خریداروں میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔
حکام کے مطابق ملزمہ ایک دہائی سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھی جبکہ اس کی گرفتاری کو شہر میں منشیات فروشوں کے خلاف اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمہ کے خلاف مزید مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اس کے نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے شہر میں منشیات کی سپلائی چین متاثر ہونے کا امکان ہے۔

Leave a reply