لہسن: کس کے لیے مفید اور کس کے لیے نقصان دہ؟

0
140
لہسن: کس کے لیے مفید اور کس کے لیے نقصان دہ؟

تازہ طبی تحقیق کے مطابق لہسن بعض افراد کے لیے صحت کے فوائد رکھتا ہے، لیکن ہر کسی کے لیے اس کا استعمال موزوں نہیں۔ امریکی ادارہ نیشنل سینٹر فار کمپلیمنٹری اینڈ انٹیگریٹو ہیلتھ کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لہسن خاص طور پر ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق لہسن کے سپلیمینٹس ہائی بلڈ پریشر والے افراد میں بلڈ پریشر کو اوسطاً 5 سے 8 ملی میٹر کم کر سکتے ہیں، جس سے دل کی بیماری کے خطرات میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، لہسن خون میں موجود خراب کولیسٹرول کی سطح کو معمولی طور پر کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، اور دل کی شریانوں میں چربی جمنے کے عمل کو سست کر کے شریانوں میں رکاوٹ کے خطرے کو کم کرتا ہے۔

لہسن میں موجود قدرتی مرکبات، جیسے الیسن، مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کے ساتھ اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی وائرل خصوصیات بھی رکھتے ہیں۔

کس کو لہسن سے پرہیز کرنا چاہیے؟

معدے یا نظامِ ہاضمہ کے مسائل رکھنے والے افراد کو زیادہ یا خالی پیٹ لہسن کھانے سے گریز کرنا چاہیے۔

وہ لوگ جو خون پتلا کرنے والی دوائیں استعمال کر رہے ہیں، انہیں لہسن یا اس کے سپلیمینٹس استعمال کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے، کیونکہ لہسن بھی خون کو پتلا کرتا ہے۔

سرجری سے کم از کم ایک ہفتہ قبل لہسن یا سپلیمینٹس کا استعمال بند کرنا چاہیے تاکہ آپریشن کے دوران خون بہنے کا خطرہ کم ہو۔

استعمال میں احتیاط ضروری
ماہرین کا کہنا ہے کہ روزمرہ خوراک میں لہسن شامل کرنا صحت کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے، لیکن اسے کسی دوائی کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔ خاص طور پر اگر کوئی دائمی بیماری رکھتا ہو یا دیگر دوائیں استعمال کر رہا ہو تو لہسن یا اس کے سپلیمینٹس صرف ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق استعمال کیے جائیں۔

Leave a reply