
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران واضح کیا ہے کہ پارٹی اس اکاؤنٹ کی ملکیت کا دعویٰ نہیں کرتی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس ارباب محمد طاہر نے ایک شہری کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، جس میں عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کو بند کرنے کا معاملہ زیرِ غور آیا۔ سماعت کے موقع پر بیرسٹر گوہر علی خان، عمران خان کے وکلا اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے حکام عدالت میں موجود تھے۔
دورانِ سماعت عدالت نے بیرسٹر گوہر سے کہا کہ انہیں ذاتی طور پر پیش ہونے کے بجائے تحریری جواب بھی جمع کرانے کا کہا جا سکتا تھا۔ اس پر پی ٹی آئی چیئرمین نے مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی عمران خان کے مذکورہ ایکس اکاؤنٹ کو اپنا اکاؤنٹ تسلیم نہیں کرتی۔
بیرسٹر گوہر نے عدالت سے استدعا کی کہ موجودہ حالات کے پیش نظر انہیں تفصیلی جواب تیار کرنے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔ عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اپنا مؤقف تحریری صورت میں جمع کرایا جائے۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔









