
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نجی اسکول کی چھت گرنے کے افسوس ناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہل خانہ کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 2 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات معلوم کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق انکوائری رپورٹ چار روز میں پیش کی جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کے ساتھ ساتھ اسکول کو این او سی جاری کرنے والے متعلقہ حکام کی ذمہ داری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کی حفاظت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
گورنر نے صوبے کے سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کا اسٹرکچرل آڈٹ کرانے کا عندیہ بھی دیا، تاکہ عمارتوں کی مضبوطی اور طلبہ کی حفاظت سے متعلق ممکنہ مسائل کی نشاندہی کی جا سکے۔
جاں بحق ٹیچر اور 15 بچوں کی نماز جنازہ ادا
حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے اسکول ٹیچر اور 15 بچوں کی نماز جنازہ دیر کالونی پشاور میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سمیت سیاسی اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
اس افسوس ناک واقعے کے بعد اسکولوں کی عمارتوں کی حفاظت، تعمیراتی معیار اور متعلقہ اداروں کی نگرانی کے حوالے سے اہم سوالات سامنے آئے ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ سے حادثے کی وجوہات اور ذمہ داریوں کا تعین ہونے کی توقع ہے۔









