
اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چینی خلائی مشن شینزو 24 کے ذریعے چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے، جہاں وہ چینی خلا بازوں کے ساتھ سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
چینی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق شینزو 24 خلائی مشن کامیابی کے ساتھ تیان گونگ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوگیا۔ مشن میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سمیت دو چینی خلا باز شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مشن کی روانگی پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر چین کے خلائی مرکز سے ہوئی۔ اس موقع پر چین میں بڑی تعداد میں شہریوں نے خلائی جہاز کی روانگی براہ راست دیکھی، جبکہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین میں پاکستان کے سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اطلاعات کے مطابق ذیشان علی اور ان کے چینی ساتھی تقریباً ایک ہفتے تک خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے۔ اس دوران وہ مختلف سائنسی تجربات اور تکنیکی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ مشن کے دوران مجموعی طور پر 90 سائنسی تجربات اور ٹیکنالوجی ٹیسٹ کیے جانے کا منصوبہ ہے۔
خلائی مشن پر روانگی سے قبل ذیشان علی نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اب خلا کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے اس مشن کو پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید مشترکہ خلائی منصوبوں کی امید ظاہر کی۔
ذیشان علی نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے انہیں کہا تھا کہ اس مشن پر صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پورا پاکستان خلا میں جا رہا ہے۔
اس مشن کو پاکستان اور چین کے سائنسی و خلائی تعاون میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں مشترکہ تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔








