
میرعلی کے علاقے حیدر خیل میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران خالی مکان سے اسلحے کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔
شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جس کے دوران حیدر خیل میں ایک خالی مکان سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ مکان کو مبینہ طور پر اسلحہ اور بارودی مواد چھپانے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران مکان کی تلاشی اور کھدائی کی گئی، جس کے نتیجے میں وہاں چھپایا گیا اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
برآمد ہونے والے سامان میں جدید ہتھیاروں کے علاوہ کواڈ کاپٹر کے لیے ڈراپ کٹ بھی شامل ہے۔ یہ آلہ ڈرون کے ذریعے مختلف اشیا کو مخصوص مقام پر گرانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میرعلی اور ملحقہ علاقوں میں کلیئرنس کا عمل جاری ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا سراغ لگا کر علاقے کو محفوظ بنایا جا سکے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ تاحال حکام کی جانب سے برآمد کیے گئے اسلحے اور دھماکا خیز مواد کی مکمل تفصیلات یا آپریشن کے اختتام کے حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔









