
اسلام آباد: پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کو زیرِ سمندر بین الاقوامی کیبل میں خرابی کے باعث مزید کئی روز تک سست رفتار انٹرنیٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی ٹرانس ورلڈ کے مطابق متاثرہ کیبل کی مرمت کا کام جاری ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ شیڈول بھی طے کر لیا گیا ہے۔
کمپنی نے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ مرمتی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد انٹرنیٹ کی رفتار میں بہتری متوقع ہے۔ موجودہ منصوبے کے تحت مرمت کا کام 6 دسمبر تک مکمل ہونے کی امید ہے، تاہم اس تاریخ میں تبدیلی بھی ممکن ہے۔
ٹرانس ورلڈ کا کہنا ہے کہ مرمت کے دوران انٹرنیٹ سروس کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل روٹس استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ صارفین کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
کمپنی کے مطابق متبادل انتظامات کے باوجود خاص طور پر انٹرنیٹ کے زیادہ استعمال کے اوقات میں رفتار متاثر رہ سکتی ہے۔
ٹرانس ورلڈ نے صارفین سے ہونے والی دشواری پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تکنیکی ٹیمیں کیبل کی خرابی دور کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
اگر مرمتی کام طے شدہ منصوبے کے مطابق مکمل ہوگیا تو 6 دسمبر تک پاکستان میں متاثرہ صارفین کو انٹرنیٹ کی معمول کی رفتار بحال ہونے کی توقع ہے۔









