عمران خان کی بیماری

عمران خان جب وزیراعظم تھے تو نواز شریف اور دیگر سیاستدانوں کی بیماریوں کا مذاق اڑایا کرتے تھے بعض اوقات اپنے جلسوں میں دلچسپ انداز میں ان کی بیماریوں پر تبصرہ کرتے تو ان کے پرستار تالیاں بجایا کرتے تھے عمران خان ان تالیوں کے شور میں مسکرا دیا کرتے کبھی کبھی یہ بھی کہا کرتے تھے کہ جیل میں بند سیاستدانوں کو جو مراعات حاصل ہیں واپس لے لیں گے ایسا کہتے وقت باقاعدہ منہ پر ہاتھ پھیرا کرتے جس کا مطلب یہ ہوتا تھا کے میں حشر نشر کردونگا سو ان کے پرستار بھی اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ جیل میں قید کوئی قیدی بیمار ہو ہی نہیں سکتا یہ نواز شریف وغیرہ سب ڈرامہ کرتے ہیں اور تو اور کلثوم نواز کی بیماری کو بھی بیماری نہیں سمجھتے تھے شاید یہی وجہ ہے ان کی موت پر بھی نامناسب تبصرے کئے گئے مگر اب ان کے پرستار ماننے لگے ہیں کہ جیل میں قید شخص بھی بیمار ہوسکتا ہے اور اس کا علاج بھی ہونا چاہئے دیکھا جائے تو عمران خان اپنی صحت کا بہت خیال رکھتے ہیں جیل میں بھی جسمانی طور پر فٹ رہنے کے لئے وہ روزانہ ورزش کرتے ہیں جم کی تمام تر سہولت انہیں حاصل ہیں، کھانے پینے کے لئے بھی انہیں وہ تمام چیزیں میسر ہیں جنہیں وہ اپنے استعمال میں رکھتے تھے مگر اس سب کے باوجود اب انہوں چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اپنی بیماری کے حوالے سے سے تفصیل لکھی ہے خط کے مطابق انہیں سب سے زیادہ بلڈ پریشر کا سامنا ہے اور انہیں یہ خوف ہے کے بلڈ پریشر کی وجہ سے انہیں برین ہیمرج یا دل کا دورہ پڑسکتا ہے، یعنی وہ عدالت سے اپنے علاج کے لئے کہہ رہے ہیں اس خط میں انہوں نے بشریٰ بیگم کے حوالے سے بھی بتایا ہے کے وہ بھی شدید تکلیف میں ہیں خاص طور پر آنکھوں کے مسئلے سے دوچار ہیں اب معلوم نہیں عدالت خط کے جواب میں کیا فرمان جاری کرتی ہے بظاہر منظر وہی ہے جب نواز شریف جیل میں تھے تو بتایا جا رہا تھا وہ شدید بیمار ہیں اور ان کی بیماری کے حوالے سے خود عمران خان کے وزیروں اور مشیروں نے بتایا تھا عمران خان اپنی اور بیگم کی بیماری کا خود بتا رہے ہیں تو پھر حکومت پر لازم ہے کہ ان کے بہترین علاج کا فوری بندوبست کرے یہاں یہ بات بھی بہت اہم ہے کہ عمران خان کا طبی مسائل کے حوالے سے یہ خط ان کی جماعت کے رہنما اور وکیل سردار لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کے ساتھ جیل میں چار گھنٹے طویل ملاقات کے بعد لکھا گیا ہے ان دونوں کی ملاقات کے حوالے سے جہاں تجزیہ نگار تبصرے کر رہے ہیں وہاں جماعت کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے ایک طرح سے عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کے ان دونوں کی اچانک اور چار گھنٹے تک ملاقات کا مطلب دال میں کچھ کالا ہے انہوں نے دونوں وکلاء کو۔۔۔ منظورِ نظر۔۔۔ قرار دیتے ہوئے عدم اعتماد کیا ہے جواباً لطیف کھوسہ نے کہا ہے ان کی ملاقات عمران خان کے بلاوے پر ہوئی ہے پارٹی کے سیکرٹری جنرل کو چاہئے کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں سیکرٹری جنرل کے بیان کے بعد چند دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی دونوں پر عدم اعتماد کیا ہے اور سلمان اکرم راجہ کی تائید کی ہے کچھ رہنما دونوں کی ملاقات پر خوش ہیں اور کہتے ہیں کہ اگر خان کیلئے کوئی آسانی کا راستہ نکلتا ہے تو نکالنا چاہئے کیونکہ پارٹی انہیں باہر دیکھنا چاہتی ہے اگر دیکھا جائے تو یہ رہنما درست معلوم ہوتے ہیں اور تحریک انصاف کے کارکنان بھی خان کو باہر دیکھنا چاہتے ہیں اب اگر حکومت کسی۔۔۔ ضرورت۔۔۔ کے تحت عمران خان کے ساتھ نرمی کا اشارہ دے رہی ہے تو پھر وہ پارٹی رہنما جو خان جیل میں خوش ہے کا نعرہ لگاتے ہوئے انہیں جیل میں ہی دیکھنا چاہتے ہیں تو یہ نہ خان کے خیر خواہ ہیں اور نہ پارٹی کے، خان کیلئے وہی لوگ بہتر ہیں جو۔۔۔سیاسی داؤ پیچ۔۔۔ سے انہیں رہائی کے راستے پر چلنے کو کہہ رہے ہیں اور خیال یہی ہے کے جو لوگ اس وقت خان کے قریب ہوئے ہیں یہی لوگ خان کے لئے آسانیاں پیدا کرسکتے ہیں اور جو لوگ مارکٹائی دھرنے کی بات کرتے ہیں وہ بالکل ناکام ہوچکے ہیں ان کے تمام سیاسی فیصلے پارٹی اور خان کیلئے گھاٹے کا سودا ثابت ہوئے ہیں خان کو اب ایسے لوگوں کو قریب کرنا چاہئے جو طبی مسائل کی بنیاد پر ہی کیوں نہ ہو ان کے لئے آسانیاں پیدا کریں سیاست کو سیاسی انداز میں آگے بڑھائیں اپنے اردگرد کے لوگوں میں ایسے لوگ سامنے لائیں جو ان کے سیاسی مسائل کو سیاست سے حل کریں قانونی مسائل کے حل کے لئے قانون دانوں کو آگے رکھیں لیکن انہیں سیاسی بیانات سے دور رکھیں اور انہیں کہہ دیں کے آپ میرے قانونی مسائل کے حل کے لئے ہیں سیاسی مسائل کے لئے نہیں یہ کام سیاسی رہنماؤں کو کرنے دیں تاکہ پارٹی سیاسی طور پر آگے بڑھے اور مجھ سمیت ہر لیڈر اور کارکن کے لئے آسانیاں پیدا ہوں اگر عمران خان ایسا کرتے ہیں تو پھر یقینا ان کے مسائل میں کمی آسکتی ہے۔
٭٭٭٭٭









