محمد یوسف منفرد اور عظیم کرکٹر کیسے بنا؟

محمدیوسف دنیائے کرکٹ کا ایک ممتاز اور معروف نام ہے۔یہ وہ محمد یوسف ہیں جو کرکٹ کی دنیا میں یوسف یوحنا کے نام سے متعارف ہوئے لیکن اللہ تعالیٰ نے ان کے ذہن و دل میں دین اسلام کی ایسی شمع روشن کی کہ انہوں نے پہلی فرصت ہی میں نہ صرف اسلام قبول کر لیا بلکہ ایمان کی مضبوطی کے ساتھ اپنی زندگی کو دین اسلام کی تبلیغ اور ترویج کیلئے وقف کر دیا۔ میں سمجھتا ہوں کہ محمد یوسف اور ان کے تمام وابستگان پر یہ اللہ تعالی کا خاص فضل وکرم ہے بلکہ نبی آخرزمان حضرت محمد ؐ کی خاص نظر عنایت بھی ہے جن کی شفاعت روزِقیامت تمام مسلمانوں کیساتھ ساتھ محمد یوسف کو بھی بلاشبہ حاصل ہو گی۔محمد یوسف 27اگست 1974ء کو گڑھی شاہو لاہور کے قریب ریلوے کوارٹروں میں پیدا ہوئے۔ ہوش سنبھالتے ہی کرکٹ نے محمد یوسف کو دیوانہ بنا دیا۔سکول سے آتے ہی وہ بستہ اچھال کر پھینکتے اور کچھ کھائے بغیر کرکٹ کھیلنے نکل پڑتے۔ غسل خانے میں اس کی بھابی کپڑے دھو رہی ہوتی،وہ دبے پاؤں کپڑے دھونے والا تھاپا (ڈنڈا) اٹھا کر گھر سے باہر بھاگ جاتے۔بھابی پیچھے سے چیختی چلاتی رہ جاتی۔ وہ سڑک پر اسی ڈنڈے کو کرکٹ کا بیٹ بنا کر جی بھرکے کھیلتے رہتے۔اسی تھاپے سے کھیلتے کھیلتے ایک دن اُس کی قسمت جاگ اُٹھی،اس کی بیٹنگ کو دیکھنے کیلئے ایک ہجوم جمع تھا، اس ہجوم میں ایک صاحب جس کا نام بشیر الدین چغتائی تھا،جب میچ ختم ہو گیا تو بشیرالدین نے یوسف کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر پوچھا کیا تم کسی کلب کی جانب سے بھی کھیلتے ہو؟ یوسف نے انکار میں جواب دیا تو بشیر الدین نے بتا یا اسٹیشن کے قریب میرا گولڈن کرکٹ جمخانہ کلب ہے اگر چاہو تو تم اس کلب میں شریک ہوسکتے ہو۔ یہ سن کر یوسف گہری سوچ میں ڈوب گیا کیونکہ اسکے پاس نہ تو کرکٹ کا سامان تھا اور نہ ہی کرکٹ کی کٹ تھی وہ میلے کچیلے کپڑوں کے ساتھ ہی گلیوں کوچوں میں دِل بہلانے کیلئے کھیلنے والا شوقین کھلاڑی تھا۔ بشیر الدین نے اسے حوصلہ دیتے ہوئے کہا تم ہاں کرو میں سب کچھ تمہیں لے دوں گا اور تمہیں کرکٹ کے حوالے سے اپنے جوہر دکھانے کا موقع ملے گا۔یوسف گولڈن کرکٹ جمخانہ میں تین سال تک کھیلتا رہا۔یہاں قدرت نے یوسف کی صلاحیتوں کو مزید نکھار دیا،اسی دوران میٹرک کا امتحان اچھے نمبروں سے پاس کر کے یوسف ایف سی کالج میں جاپہنچا اور ایف سی کالج کی کرکٹ ٹیم کی جانب سے دو سال تک کپتان کی حیثیت سے کھیلتا رہا۔ 1995ء میں یوسف کو مسلم کمرشل بنک کی طرف سے کھیلنے کا موقع ملا،اس نے جلد ہی بہترین بیٹنگ کی بدولت اپنی منفرد شناخت بنا لی۔1996ء میں یونیورسل کرکٹ کلب انگلینڈ کی جانب سے انہیں کھیلنے کی پیشکش ہوئی۔یہ دورہ اس کی کامیاب زندگی کا سنگ میل ثابت ہو سکتا تھا لیکن غریب اور بے وسیلہ خاندان کے چشم و چراغ کو مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے انگلینڈ جانا ناممکن دکھائی دے رہا تھا۔دوسری جانب یوسف کی والدہ دل کے عارضے میں مبتلا تھی،وہ یوسف سے جدائی کا تصور بھی نہیں کرسکتی تھی۔پھر اچانک ایک معجزہ ہوا اور یوسف کو کسی مخیر شخص نے انگلینڈ کا ٹکٹ لے دیا جب یہ ٹکٹ والدہ نے دیکھا تو وہ پریشان ہوگئیں، یوسف نے دلاسہ دیتے ہوئے کہا امی جان یہ میرا ٹکٹ نہیں کسی دوست کا ہے لیکن جب تیاری مکمل ہوگئی تو یوسف نے ماں کے قدموں کا بوسہ لیکر نہایت محبت سے بتایا امی جان میں کل انگلینڈ جا رہا ہوں، مجھے آپ کی دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔ یوسف نے باتوں ہی باتوں میں کچھ ایسا ماحول بنایا کہ ماں اسے بہترمستقبل کی خاطر انگلینڈ بھیجنے پر راضی ہو گئی بلکہ اگلے دن سارا خاندان کراچی جانے والی ٹرین پر بٹھانے کیلئے لاہور ریلوے اسٹیشن پرموجود تھا،یوسف نے کراچی سے انگلینڈ کی پرواز پکڑی۔دوران سفر وہ خیالوں کی دنیا میں گم رہا۔ اس نے ٹھان لی تھی کہ ٹھنڈے دیس کی فضاؤں میں دھواں دار بیٹنگ کرکے اپنے ملک کا نام روشن کرے گا۔ انگلینڈ پہنچ کر یوسف نے تمام میچوں میں اپنی بہترین بلے بازی کا سکہ جمایا جب وطن واپس پہنچا تو ٹاپ سکورر تھا۔ اس طرح وطن عزیز میں فرسٹ کلاس کے دروازے بھی اس پر کھل گئے۔ پہلے مسلم کمرشل بنک، بہاولپور اور بعد میں واپڈا کی کرکٹ ٹیم کی جانب سے کھیلنے کا موقعہ ملا۔ اسی دوران ایک روز یوسف کو کرکٹ بورڈ کی طرف بلاوا آگیا۔ کرکٹ بورڈ نے انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ کیلئے منتخب کر لیا۔ بعدازاں کرکٹ بورڈ نے انہیں بنگلہ دیش جانے والی ٹیم میں شامل کرلیا، یہ ٹیم راشد لطیف کی قیادت میں بنگلہ دیش جا رہی تھی۔ ہر قدم پر راشد لطیف،یوسف کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔بعدازاں جنوبی افریقہ جانے والی ٹیم میں بھی یوسف کو منتخب کر لیا گیا۔ڈربن ٹیسٹ میں انہیں ٹیسٹ کیپ سے نوازا گیا۔ یوسف نے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں کرکے پاکستان کو ایک یقینی شکست سے بچا لیا۔ پھر ہرارے ٹیسٹ میں نصف سنچری کر کے پاکستان کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ایک روزہ میچوں کا دور شروع ہوا تو یوسف نے دو میچوں میں نصف سنچریاں بنائیں۔ اس طرح یہ سیزن یوسف کی کامیابیوں کا نقیب ٹھہرا۔ مرد بحران اور سپراسٹار کی حیثیت سے اس کی شہرت چہار اطراف پھیلنے لگی۔ کراچی میں ون ڈے کھیلا گیا تو یوسف نے 92 سکور کیا۔ لاہور کے آخری میچ میں یوسف نے پہلی سنچری بنا ڈالی۔ اسکے بعد یوسف کو ایک معتبر اور مستند بلے باز قرار دیدیا گیا۔زمباوے کیخلاف دونوں ٹیسٹوں میں یوسف نے 78اور 120 رنز بنائے۔ 1999ء کے ورلڈ کپ کے موقع پر یوسف ان فٹ ہوگیا تاہم اسے چار میچ کھیلنے کا موقع مل گیا جس میں اس نے161 سکور کیا اور اسکاٹ لینڈ کیخلاف 81زنز بنائے۔اس کے بعد ویسٹ انڈیز کیخلاف ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بنائی۔ بعدازاں جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ارکان انضمام الحق، شاہد آفریدی، مشتاق احمد اور سعید انور نے داڑھی رکھ کے تبلیغی زندگی کا آغاز کیا توکسی کو معلوم نہیں تھا کہ یوسف بھی 17 ستمبر 2005ء کو 31سال 22دن کی عمر میں دائرہ اسلام میں داخل ہوچکے ہیں۔پاکستان کی تاریخ بلکہ دنیائے کرکٹ کے بھی وہ پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے اس حقیقت کو دِل سے تسلیم کیا کہ اسلام ہی دنیا کا سچا اور بہترین مذہب ہے۔محمد یوسف نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میں نے نبی کریمؐ کے بارے میں بہت کچھ پڑھا تھا۔بچپن ہی سے حضورؐ کی حیات طیبہ کے بارے میں پوری دلچسپی سے پڑھنا شروع کردیا تھا۔اس کے بعد کرکٹ میں مصروف ہوگیا لیکن اسلام سے محبت اور لگاؤ اسی طرح رہاتقریبا تین سال کرکٹ ٹیم کے ارکان سعید انور، مشتاق احمد،شاہد آفریدی، انضمام الحق اور دوسرے ارکان کے ساتھ رہنے سے مذہبی لگاؤ زیادہ پیدا ہوا اور تبلیغی جماعت کے مسلسل درس سنتے رہے جس سے حضو راکرم ؐ کی ذات مبارکہ نے میری زندگی میں انقلاب برپا کردیا۔میں یہ نہیں کہوں گا کہ میں پہلے درست مذہب پر نہیں تھا لیکن مجھے دین اسلام سب سے اچھا لگا۔جب میر ی زندگی میں انقلاب آیا تو میں نے اپنی جیون ساتھی سے مشورہ کیا۔اس نے بھی اسلام میں گہری دلچسپی لینا شروع کردی اور کلمہ طیبہ پڑھ کے مسلمان ہوگئی۔میں کئی سالوں سے نماز پڑھ رہا تھا لیکن کسی کو بھی اس کا علم نہیں تھا۔میں صرف اتنا کہوں گا کہ حضرت محمدؐ صرف مسلمانوں کے ہی نہیں بلکہ قیامت تک آنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کیلئے ان کی زندگی مشعل ِ راہ ہے اور وہ پوری کائنات کیلئے رحمت اللعالمین ہیں









