امریکی سیاست میں مسلمانوں کی انٹری

امریکی سیاست میں مسلمانوں کی انٹری

تحریر:سید شعیب الدین احمد

انشاء اللہ سے الحمدللہ کا سفر مکمل ہوا اب مجھے سینیٹر محمد کہہ کر پکارا جائے۔یہ الفاظ امریکہ کی 237 سالہ جمہوری تاریخ میں طاقتور ترین ادارے سینٹ کے پہلے مسلمان سینیٹر عبدالرحمن محمد السید کے ہیں۔ 42 سالہ عبدالرحمن مصری والدین کی اولاد اور ایک ڈاکٹر ہیں۔ ان کا الیکشن امریکہ کی 237 سالہ جمہوری تاریخ کا ایک اہم الیکشن تھا۔ عبدالرحمن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ان کے نائب صدر جے ڈی وینس اور دنیا کے امیر ترین فرد ایلون مسک کی براہ راست مخالفت کا سامنا تھا۔ یہ ایک مہنگا ترین الیکشن تھا کہ جس میں عبدالرحمن محمد السید کو ہرانے کیلئے سب سے زیادہ پیسہ خرچ ہوا۔ اس الیکشن میں 11 ارب نو کروڑ ڈالر سے زیادہ کی رقم خرچ ہوئی صرف ایلون مسک نے 455 ملین ڈالر خرچ کئے۔ انکی دولت سے ریپبلیکنز خصوصاً مستفید ہوئے۔ امریکہ کی تاریخ کے مہنگے ترین الیکشن میں بہت بڑی خطیر رقم عبداللہ محمد السید کو ہرانے کیلئے خرچ کی گئی۔ امریکہ کے اس مڈٹرم الیکشن میں 100 کے لگ بھگ مسلم امیدوار امریکن کانگرس، سینٹ کے علاوہ ریاستی اسمبلیوں کے ایوان نمائندگان اور ریاستی سینٹ میں کامیاب ہوئے۔ امریکن سینٹ میں پہلے مسلمان سینیٹر عبدالرحمن محمد السید کی کامیابی کے علاوہ امریکن ایوان نمائندگان (کانگرس) میں بھی چھ مسلمان امیدوار کامیاب ہوئے۔
ڈاکٹر عبداللہ محمد السید ڈیٹرائٹ اور وین کاؤنٹی شعبہ صحت کے سربراہ بھی رہے ہیں۔انہوں نے ٹرمپ کے ذاتی حمایت یافتہ سابق رکن کانگرس مائیک راجرز کو ہرایا ہے۔ ان کی انتخابی مہم معاشی عدم مساوات، امریکی انتخابی نظام میں اصلاحات، عوام کو صحت عامہ کی بہتر سہولیات اور ادویات کی قیمتوں میں کمی، میڈی کئیر فار آل کے ایجنڈے پر مبنی تھی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے عبدالرحمان محمد السید کو اپنا ذاتی مخالف سمجھ کر ان پر شدید تنقید کی۔ ان کے حلقے میں جا کر ان کے خلاف جلسہ کیا اور ان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھا کہ عبدالرحمن کے تعلقات اخوان المسلمون سے ہیں۔ عبدالرحمن کے اسلامی عقیدے کا مذاق اڑایا گیا اور اسرائیل جنگ پر ان کی مخالفت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ٹرمپ نے عبدالرحمن کو بار بار محمد کہہ کر پکارا ایسے لگا جیسے محمد ان کے نزدیک (نعوذ باللہ) ناقابل برداشت ہے، مگر ٹرمپ اور جے ڈی وینز کی براہ راست مداخلت کے باوجود عبدالرحمن محمد السید نے کامیابی حاصل کی اور کامیابی کے بعد ان کا جواب یہی تھا کہ الحمدللہ مجھے کامیابی مل گئی ہے اب مجھے سینیٹر محمد کہا جائے۔ انہوں نے کہا جے ڈی وینس اب تم سینیٹر محمد سے حلف لو گے۔ عبدالرحمن محمد السید کو سابق امریکی صدر بارک اوبامہ سابق نائب امریکی صدر کملا ہیرس، سینیٹر برنی سینڈرز، نیویارک کے میئر ظہران ممدانی، ایگزینڈریا اوکاسو کی حمایت حاصل رہی۔ ان کی اپنے علاقے سے امریکی کانگریس کی رکن ہیلی سٹیشنز نے اپنی پارٹی کے مخالف جا کر ریپبلیکنز امیدوار مائیک راجرز کی حمایت کی۔ جس پر ڈیموکریٹک سابق سپیکر نینسی پلوسی نے ان پر شدید تنقید کی۔ عبدالرحمن محمد السید امریکن سینٹ کے 100 میں سے صرف ایک رکن ہوں گے لیکن وہ بارش کا پہلا قطرہ ہیں۔ امریکہ ڈھیروں اقوام کے افراد پر مشتمل سوسائٹی ہے۔ اگر اسرائیلی اور یہودی، اٹالینز، برطانوی، آسٹریلین، عربی، سپینش اور دیگر اقوام کے افراد سینٹ کے ممبر بن سکتے ہیں تو پھر ایک مسلمان کیوں سینٹر نہیں بن سکتا۔ لیکن صدر ٹرمپ کی تکلیف دیکھ کر صاف پتہ چلتا ہے کہ ایک مسلمان سینیٹر بھی برداشت نہیں ہو رہا لیکن اُمید ہے کہ آنے والے برسوں میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ان جیسے متعصب لوگوں کو مزید مسلمان سینیٹر بھی برداشت کرنا ہوں گے۔ امریکی کانگرس کیلئے کامیاب ہونے والے چھ مسلمانوں میں صومالیہ کی الہان عمر اور فلسطین کی رشیدہ طالب چھٹی مرتبہ کامیاب ہوئی ہیں۔ انڈیانا سے آندرے کارسن 18 سال سے کامیاب ہو رہے ہیں۔ نیو جرسی سے ڈاکٹر حماد آدم حمادی جو امریکن فوج میں سرجن تھے اور جنہوں نے غزہ (فلسطین) جا کر بچوں کا علاج کیا ہے پہلی مرتبہ کیلیفورنیا سے کامیاب ہوئے ہیں۔ لطیفہ سائمن (کیلیفورنیا) نے بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ ڈومینیکن سے تعلق رکھنے والی نو مسلم داریا لیزابیل شوالے نیویارک سے ایوان نمائندگان کیلئے کامیاب ہوئی ہیں۔ انہوں نے ڈیموکریٹ ادریانو اسپاٹ کو ہرایا ہے۔داریا طلبہ تحریکوں اور فلسطینیوں کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں کے پس منظر سے اُبھر کر سامنے آئی ہیں۔
ان امریکی انتخابات میں 10 پاکستانی نژاد امریکی بھی ریاستی اسمبلیوں اور سینٹ میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ صحافی اور فری لانس مصنفہ مریم صبیح پنسلوانیہ سے سینٹ میں پہنچی ہیں۔ انہوں نے سیاسیات میں ماسٹر ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ بزرگ مکان مالکان کیلئے پراپرٹی ٹیکس کم کرنے،اسلحہ کے محفوظ استعمال کے بارے قوانین متعارف کروانے، سرکاری تعلیم کیلئے فنڈنگ کی حمایت اور دیگر اقدامات ان کے انتخابی ایجنڈے میں سر فہرست تھے۔ کنیکٹیکٹ سے کامیاب ہونے والی مریم خان کا تعلق بھی ڈیموکریٹ پارٹی سے ہے۔ مریم 2022ء میں ضمنی انتخابات جیت کر ریاستی ایوان کی پہلی مسلمان رکن بنی تھیں۔ وہ پاکستان میں پیدا ہوئیں اور 1994ء میں امریکہ منتقل ہوئیں وہ ایک ٹیچر ہیں۔ جو ہارٹ فورڈ کے سکولوں میں خصوصی صلاحیت کے حامل بچوں کو پڑھاتی ہیں۔ وہ ریاستی مقننہ کی خصوصی تعلیم سے متعلق سلیکٹ کمیٹی کی شریک سربراہ بھی ہیں۔ کنیکٹیکٹ سے ڈاکٹر سعود انور ریاستی سینٹ کی نشست پر دوبارہ جیتے ہیں وہ 2018ء میں ضمنی انتخابات جیتنے کے بعد کنیکٹی کٹ سینٹ کے رکن بنے تھے۔ وہ ایوان میں صحت عامہ کی کمیٹی کے شریک سربراہ بھی ہیں۔ ڈاکٹر سعود انور پھیپھڑوں کے امراض اور انتہائی نگہداشت کے ماہر معالج ہیں۔وہ آغا خان یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔انہوں نے YALE یونیورسٹی سے ماسٹر ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ ٹیکساس میں سلمان بھوجانی اور سلیمان لالانی ڈیمو کریٹس کی ٹکٹوں پر دوبارہ کامیاب ہوئے ہیں۔سلمان بھوجانی پاکستان میں پیدا ہوئے نوعمری میں امریکہ آگئے اور میتھوڈسٹ یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے۔ سلمان بھوجانی اور سلیمان لالانی ٹیکساس کی 170 سالہ تاریخ میں پہلے مسلمان اور جنوبی ایشیائی ممبر ہیں۔ فاروق مغل نومبر 2022ء میں پہلی مرتبہ جارجیا اسمبلی کیلئے منتخب ہونے والے پہلے پاکستانی تھے۔ نبیلہ سید ایلی نوائے سے ریاستی کانگریس کی ممبر بنی ہیں۔ یاسمین انصاری ایریزونا سے رکن اسمبلی بنی ہیں۔
امریکن مڈٹرم انتخابات میں 100 کے لگ بھگ مسلمان امیدوار کامیاب ہو کر امریکہ بھر کی ریاستی اسمبلیوں اور ریاستی سینٹ میں پہنچے ہیں۔ان مسلمانوں میں مصری، فلسطینی،صومالی،افریقی بھارت، مشرق بعید اور دیگر مسلمان ممالک سے تعلق رکھنے والے وہ افراد ہیں جن کے والدین یا وہ خود بچپن میں ترک وطن کر کے امریکہ پہنچے۔ ان میں سے بہت سے لوگ پناہ گزین کے طور پہ بھی امریکہ پہنچے اور اب یہ امریکی معاشرے کا باقاعدہ حصہ بن چکے ہیں۔
٭٭٭٭٭

Leave a reply