عوام کو چالان نہیں، سہولت چاہیے!

لاہور ایک زندہ دل شہر ہے، جہاں روزانہ لاکھوں لوگ اپنے کام، کاروبار، تعلیم اور دیگر ضروریات کے لیے گھروں سے نکلتے ہیں۔ ان لوگوں کی سب سے بڑی خواہش یہی ہوتی ہے کہ وہ اپنی منزل تک بحفاظت اور بروقت پہنچ سکیں۔ لیکن جب شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جائے، راستے بند ہوں اور متبادل انتظامات بھی موجود نہ ہوں تو شہریوں کے لیے معمول کا سفر بھی کسی آزمائش سے کم نہیں رہتا۔ گزشتہ روز مینارِ پاکستان میں جماعت اہلِ حدیث کی کانفرنس کے موقع پر لاہور کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی صورتِ حال انتہائی پریشان کن رہی۔ بالخصوص شاہدرہ سے آنے اور مینارِ پاکستان کے گردونواح میں جانے والی ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کنٹینرز لگا کر مختلف راستے بند کیے گئے، شاہدرہ چوک، راوی پل اور شیرانوالہ باغ کی جانب سے آنے جانے والے راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ نتیجتاً شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے۔ جو سفر چند منٹوں میں طے ہونا چاہیے تھا، اس کے لیے لوگوں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔ صورتِ حال یہ تھی کہ شاہدرہ سے لاہور آنے والے شہریوں کے لیے راوی پل کے راستے بھی آمدورفت آسان نہ رہی۔ پرانے راوی پل پر ٹریفک انتہائی سست رفتاری سے چلتی رہی جبکہ مین جی ٹی روڈ سے راوی کراس کرنے کے متبادل راستے بھی مؤثر انداز میں دستیاب نہیں تھے۔ لاہور سے باہر جانے والے مسافر، بسیں، لاریاں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ بھی شدید مشکلات کا شکار رہیں۔ بس اڈوں سے روانہ ہونے والی گاڑیوں کے لیے بھی راستے مسدود ہونے کے باعث مسافروں کو پریشانی اٹھانا پڑی۔ یہاں سوال کسی مذہبی اجتماع یا کانفرنس کے انعقاد کا نہیں، بلکہ انتظامی منصوبہ بندی کا ہے۔ ہر شہری کو اپنے مذہبی، سیاسی اور سماجی اجتماعات منعقد کرنے کا حق حاصل ہے اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ ایسے اجتماعات کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات کرے۔ لاہور پولیس اور دیگر ادارے امن و امان کے قیام کے لیے جو محنت کرتے ہیں، وہ یقیناً قابلِ قدر ہے۔ تاہم سکیورٹی کے انتظامات کرتے ہوئے عام شہریوں کی سفری ضروریات کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔سب سے زیادہ افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ ایک طرف شہری ٹریفک میں گھنٹوں پھنسے رہے اور دوسری طرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانوں کا معاملہ بھی عوامی گفتگو کا موضوع بنا رہا۔ شہری پہلے ہی مہنگائی، معاشی دباؤ اور روزمرہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے ذہنوں میں یہ سوال پیدا ہونا فطری ہے کہ اگر ٹریفک کا نظام چلانے کی بنیادی ذمہ داری متعلقہ اداروں کی ہے تو اس کی ناکامی کا سارا بوجھ بھی عوام ہی کیوں اٹھائیں؟ شہریوں کا یہ تاثر بھی تشویش ناک ہے کہ بھاری چالان کہیں ریونیو اکٹھا کرنے کا ذریعہ تو نہیں بن رہے۔ اس تاثر کو دور کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ نہ کیا جائے۔ قانون کی پابندی ہر شہری پر لازم ہے، لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بھی لازم ہے کہ وہ شہریوں کو سہولت فراہم کریں۔ اگر آپ خلاف ورزی پر بھاری جرمانے کرتے ہیں تو پھر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا، متبادل راستے فراہم کرنا اور شہریوں کو بروقت آگاہ کرنا بھی آپ ہی کی ذمہ داری ہے۔ صرف چالان کرنا کافی نہیں، ٹریفک کا نظام چلانا بھی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور لاہور پولیس کے اعلیٰ حکام کو اس معاملے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ رائیونڈ میں بڑے اجتماعات کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پہلے سے متبادل راستے متعین کیے جاتے ہیں، ڈائیورشن پلان جاری ہوتا ہے اور شہریوں کو مختلف ذرائع سے آگاہ بھی کیا جاتا ہے۔ پھر مینارِ پاکستان اور شاہدرہ جیسے اہم اور مصروف علاقوں میں ایسے انتظامات کیوں نہیں کیے جا سکتے؟ضرورت اس امر کی ہے کہ بڑے اجتماعات سے کئی روز پہلے ٹریفک پلان تیار کیا جائے، متبادل راستوں کی نشاندہی کی جائے، اہم شاہراہوں پر مناسب ٹریفک اہلکار تعینات ہوں اور سوشل میڈیا، ریڈیو، ٹی وی اور دیگر ذرائع سے شہریوں کو پیشگی آگاہ کیا جائے۔ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے واضح رہنمائی ہونی چاہیے جو شاہدرہ، جی ٹی روڈ یا لاہور کے دوسرے علاقوں سے سفر کرتے ہیں۔ ہمارے معاشرے میں ہر شخص سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتا، اس لیے صرف آن لائن اطلاع دینا کافی نہیں۔ باقاعدہ تشہیری مہم اور سڑکوں پر واضح رہنما بورڈ بھی ضروری ہیں۔ ہمیں ایک ایسا عوامی فورم یا کلب بنانے کی ضرورت ہے جو شہریوں کی آواز بنے اور متعلقہ اداروں تک ان کے مسائل پہنچائے۔ ہمارا مقصد اداروں پر تنقید برائے تنقید نہیں، بلکہ ان کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔ اچھے اقدامات کی تعریف بھی ہونی چاہیے اور جہاں انتظامی کوتاہی ہو، وہاں نشاندہی بھی ضروری ہے۔ آخر میں بات صرف اتنی ہے کہ شہری ریاست کے لیے آمدن پیدا کرنے کا ذریعہ ہی نہیں، بلکہ اس کی بنیادی ذمہ داری بھی ہیں۔ ان سے قانون کی پابندی کا مطالبہ ضرور کریں، مگر انہیں سہولت، عزت اور آسان سفر کا حق بھی دیں۔ بڑے اجتماعات ہوتے رہیں گے، سکیورٹی انتظامات بھی ضروری ہیں، لیکن ان سب کے ساتھ عام آدمی کی زندگی کو مفلوج ہونے سے بچانا بھی حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ عوام کو صرف چالان نہیں، ایک بہتر ٹریفک نظام بھی چاہیے









