یادِ گل سے بہار ہے دل میں

قوموں کی زندگی میں قومی زندگی منتقل کرناہی اہم ترین قومی ذمہ داری ہے۔جو قائدین قوم اس حقیقت ثابتہ سے بے خبر ہیں یا بے حس ہیں۔ وہ قائدین قوم نہیں ہیں۔ وہ کار قیادت میں نا انصافی اور خود پرستی کو داخل کرتے ہیں اور پھر وہ قوم کو اپنی ذات میں جذب کرنے کی ایسی کوشش کرتے ہیں جس سے قوم کی فکر می صلاحیت کو ہی زنگ آلود ہو جاتی ہے۔
قومی زندگی کیا ہے؟ یہ سادہ سوال ہمارے ماضی کی تاریخ کو دھرانے کا تقاضہ کرتا ہے۔ ماضی کی تاریخ میں قوم پرور اور قوم کی کی محبت میں اپنی نجی زندگی کو وقف کرنے والے وہ افراد جن کا خیال اور وجود عمل قوم کی وابستگی ہی میں گزرا ہے۔
فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں
موج ہے دریا میں اور بیرون دریا کچھ نہیں
ملت سے وابستہ وہ افراد جنہوں نے نظریہ حیات کو دل سے لگائے رکھا اور اس نظریئے کی تعمیل و تکمیل کیلئے تن، من، دھن قربان کر دیا اور جان فروشوں کا ایک چمن تازہ تیار کردیا کہ ہر گل آبروئے چمن کیلئے اہم ثابت ہوا، قائداعظم ؒ کی بے لوث قیادت میں آزادی وطن کے فعال کردار ادا کرنے والا ایک اہم ادارہ خانقاہ ہے،خانقاہ سے مراد وہ مراکز تربیت ہیں جہاں اخلاقیات کی تعلیم ملت کے تصور کو سامنے رکھ کر دی جائے،تربیت کا یہ نظام اگر خانقاہ میں موجود ہے تو وہی حقیقی و مطلوب خانقاہ ہے۔ ورنہ وہ آتش بے سوزہے، رنگ بے نور ہے اور گل بے بوہے۔
برصغیر میں مسلم غلبہ کی سیاسی تحریکوں میں ہر جگہ پر متحرک خانقاہوں کا وجود نظر آتا ہے،اگر جانبدارمورخ سیاسی عصبیت کی بناء پر چشم پوشی کرتا ہے تو اس کی مور خانہ خباثت ہے ورنہ حقیقت تو غیر متغیر ہے۔ قائد اعظم رحمتہ اللہ علیہ کو تحریک پاکستان میں مزاحمت ایک معتبر مذہبی طبقے سے بھی پیش آئی، دینی درسگاہوں اور مساجد کے علاوہ نامور سحر البیان خطباء کے حلقہ متاثرین کی جانب سے اپنے سیاسی خیالات کا اظہار کیا جاتا تھا عوام الناس ان خیالات کو مذہبی قیادت کے ارشادات سمجھ کر دوہرے خیالات کا شکار ہوجاتے تھے۔
دوسری جانب ملت کی یکجہتی اور سیاسی غلبہ مذہب کیلئے وہ مذہبی طبقہ تھا جو اجتماعی فکر ملت کے جذبے سے معمور تھا۔ اس طبقے میں اکثریت ان لوگوں کی تھی جو متحرک اور زندہ خانقاہوں کے نمائندہ تھے۔پنجاب کی خانقاہوں میں ایک خانقاہ چشتی سلسلہ کی ہے۔ اس کے شیخ مکرم امیر شاہ صاحب نے یونینسٹ پارٹی کے جاگیرداروں کے فرنگ پرستانہ نظریات کی بیخ کنی کیلئے اپنی خانقاہ میں ایک منظم تربیت سلسلہ جاری کیا، یہ سلسلہ نظریاتی اور عملی جدو جہد کا مکمل نظام تھا۔ انہوں نے اس سلسلہ نظام میں علمی و فکری بیداری اور حقیقی عملی سیاست کو بنیادی اصول قرار دیا۔ علماء اور مجاہدین کی ایک ایسی جماعت تشکیل دی جس جماعت نے تحریک پاکستان میں مضبوط دستے کا کردار ادا کیا۔پیر محمد کرم شاہ صاحب امیر شاہ صاحب کے صاحبزادے اس جماعت میں ایک ممتاز اور متحرک کردار کے طور پر متعارف ہوئے۔ پیر محمد کرم شاہ نے دور طالب علمی ہی میں تحریک پاکستان کے مذہبی طبقے کیسا تھ مل کر تحریک پاکستان میں عملی کردار ادا کیا۔ اور پھر قیام پاکستان کے بعد مذہبی طبقے کی جانب سے استحکام پاکستان کیلئے بھر پورمتحرک قومی خدمات سر انجام دیں۔پیر محمد کرم شاہ قیام پاکستان کی سیاسی مذہبی ضروریات سے بخوبی آگاہ تھے، عالم اسلام کی مشہور علمی درسگاہ جامعۃ الازہر سے اعلی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اپنے ہی شہر بھیرہ میں اسلامی تعلیمات کیلئے جدید اور بین الاقوامی ضروریات کے مطابق ایک نصاب مرتب کیا جس میں مسلمانوں کی دینی علمی سیاسی زبان عربی کے فروغ کیلئے خاص اہتمام کیا گیا تھا۔ اسلامی قوانین کی تعلیم و تربیت کیلئے اس جدید درسگاہ کا نصاب بھی بہت زیادہ مفید ثابت ہوا۔
پیر صاحب مرحوم کی علمی و تعلیمی کا وشوں کا سلسلہ ان کی زندگی کا ایک قابل تحسین روشن پہلو ہے۔ پیر کرم شاہ مرحوم انگریز ی زبان پر کامل دسترس رکھتے تھے۔ اپنی ان جدا گانہ صلاحیتوں کیساتھ ساتھ وہ اپنی جدید خانقاہ میں عملی تربیت اور اخلاق و روحانیت کا خاص اہتمام کیا کرتے تھے۔ ان کے نزدیک علم و اخلاق کی حقیقت اخلاص سے وابستہ نظر آتی ہے۔ اخلاص کی قوت کا مرکز پاکیزہ روح ہے اور روح کی جلاء وقوت کیلئے خانقاہ کے روحانی نظام کو زندہ رکھنا بہت ضروری ہے۔پیرمحمد کرم شاہ صاحب علامہ اقبالؒ کے پیغام کو ملت کی اجتماعی روحانیت کی بیداری کیلئے بہت اہم سمجھتے تھے۔ اپنے طلبہ اور مریدین میں افکار اقبال کی ترویج کیلئے ہمہ وقت کو شاں رہتے تھے۔ پیر صاحب اکثر فرمایا کرتے تھے کہ ملت کی یگانگت اور غلبہ قومی کیلئے سب سے بڑی دولت عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی ہے ا ور یہ بھی کہتے تھے کہ قومی زندگی میں اجتماعی قومی روح پھونکنا نہایت ضروری ہے اور قومی زندگی کی روح عشق رسول ؐ سے ہی تابندہ رہ سکتی ہے۔غلبہ اسلام اور احیائے اسلام کے بارے میں بھی ان کا نظریہ علم و فکری فکر ِ اقبال سے مستفاد تھا اور وہ ا قبال کے اس فکر کے بہت بڑے پر چار ک تھے۔
قوت عشق سے ہرپست کو بالا کر دے
دہر میں اسمِ محمدؐ سے اجالا کر دے
استحکام پاکستان کیلئے خانقاہ کے اس صاحب کردار درویش نے اپنی زندگی استحکام ملکی کیلئے وقف کی ہوئی تھی۔ان کے نزد یک محض خیالات اور محض نظریات کا پرچارا ہم نہیں ہے بلکہ نسل نو کے ذہن قلب میں ان پاکیزہ نظریات کو ایسے ثبت کر دیا جا ئے کہ نسل نو اپنے دین اور مقاصد دین کو شرح صدر کے ساتھ قبول کرے اور احیائے دین کیلئے اپنے بے لوث اور پر خلوص کردار کی قوت سے معاشرتی تبدیلی کا فریضہ انجام دے۔وہ خود بھی احقاق حق کیلئے کسی بھی عملی جد و جہد میں شریک ہوتے تھے،نظام مصطفی ؐ کی تحریک میں انہوں نے قومی بیداری کیلئے سر گرمیوں میں پرجوش مجاہدانہ کردار ادا کیا، جس کی پاداش میں انہیں پابند سلاسل ہونا پڑا، جیل میں بھی وہ اپنی ذمہ داریوں کو فراموش نہ کر سکے۔
قرآن کریم کی تفسیر ضیا القرآن انہوں نے بھٹو دور کے ایام اسیری ہی میں مکمل کی۔ تفسیر جہاں تفسیری علوم کی نمائندہ ہے، وہاں قرآنی نور کی ضیا پاشیوں سے مستور ایک دلسوز اور پیغام دین کا قابل تحسین مرقع ہے۔ پیر صاحب نہایت عاجز و منکسر شخصیت کے مالک تھے اور ملک کے ممتاز قانون دان اے کے بروہی پیر صاحب کے علم واخلاق سے بہت متاثر تھے۔ ضیاء القرآن پڑھنے کے بعد بروہی مرحوم نے پیر صاحب سے کہا کہ قرآن کی تفسیر پڑھتے ہوئے بہت سے مقامات پر آپ کے حسن عبارت کے سبب رقت طاری ہوتی ہے۔ کاش آپ صاحب قرآنؐ کی شخصیت اور سیرت پر بھی ایسا علمی و تحقیقی درستاویز تیار کریں جس میں ادب و تعظیم کے قرینے اور عشق ومحبت کے سلیقے سے گفتگو کی گئی ہو اور یہ کتاب ِسیرت، سیرت پر عمل کیلئے ایک جادہ محبت و تعظیم مہیا کر دے۔
پیر صاحب نے پھر ضیاء النبیؐ کے نا م سے سیرت الرسول ؐ پر سات جلدوں پر مشتمل ایک تحقیقی کتاب مرتب فرمائی،ایک جلد مستشرقین کی ہرزہ سرائی کے جواب میں تحریر کی ہے جو اہل تحقیق کیلئے ایک معتبر دستاویز ہے۔ مختلف قومی امور پر ان کی فقہی آراء دور جدید کے مسائل کے حل میں نہایت مفید ہیں۔ پاکستان کی وفاقی شرعی عدالت میں بطور جج ان کے شرعی فیصلے آئندہ دور کے شرعی قضیات میں بطور نظائر رہنمائی کریں۔ وفاقی شرعی عدالت میں انہوں نے بہت سے مقدمات کے تفصیلی فیصلے لکھے۔ پھر سپریم کورٹ آف پاک کے شرعی اپیلٹ بنچ کے رکن بھی رہے۔ عدالت میں باوضو اور جوتے اتار کر بیٹھتے تھے کہ مباحث کا تعلق نصوص مقدسہ سے ہوتا ہے۔
٭٭٭٭٭









