حیات بخش روایات

حیات بخش روایات

تحریر:ناصرہ عتیق

کہنے کو تو فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اینٹی انکروچمنٹ ٹیم تشکیل دی ہے اور اس کے اہلکاروں کے لئے سرخ رنگ کی وردی فراہم کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اتنا بڑا اقدام روبہ عمل لانا ناقابل فہم ہے یقینا یہ فیصلہ ضلعی انتظامیہ نے بااختیار اہل اقتدار کی مرضی اور منشاء کے عین مطابق ہی کیا ہو گا۔بہرحال فیصل آباد کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے چوک گھنٹہ گھر میں اپنے کام کی بسم اللہ شروع کر دی ہے اور وہاں کچھ ایسے مفلس و قلاش افراد جو کرایہ کی دکان لینے کی استعداد سے محروم ہیں اور دیہاڑی دار مزدوروں کی طرح کام کر کے اپنے گھر کے اخراجات کی ضرورت پوری کرنے پر مجبور ہیں، تلاش کئے، ان میں کچھ لوگ کندھوں پر مردانہ واسکٹیں رکھ کر فروخت کر رہے تھے کہ اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے سرخپوشوں نے کندھوں کو تجاوزات قرار دے کر واسکٹیں وہاں سے گرانا شروع کر دیں گویا پنجاب میں تجاوزات کے قلع قمع کے نام پر جہاں ریڑھیوں پر روزی کمانے والوں سے بازاروں کو پاک کرنے کی سعی ہوئی اس حوالے سے بعض ایسی فرحت بخش روایات بھی معدوم ہونا شروع ہو گئیں جن کا تعلق پاکستان ایسے غربت کی اتھاہ گہرائیوں میں شاہراہ حیات پر سسکتے ہوئے زندگی کے دن پورے کر نے والوں سے ہے اور ایسے مصیبتوں کے مارے فاقہ کش خود ہی مانگے تانگے کے چند سکوں سے اپنے لئے کوئی نہ کوئی کام شروع کر لیتے ہیں۔ معدوم ہوتی ہوئی یا معدوم کی گئی روایتوں ہی میں ”لہنگی“ کا نام بھی صدیوں سے غریب اور متوسط طبقوں کے لئے جانا پہچانا ہے۔”لہنگی“کی تیاری میں ایک قدرے لمبا بانس لیکر اُس کے دونوں سروں پر ترازو کی طرح ڈوری سے ایک طرح کے ”چھابے“ باندھ دیتے ہیں اور پھر ان چھابوں سے بنے ہوئے چنوں، نمکین بنی ہوئی دال، میٹھی اور پھیکی پھولیاں الگ الگ انتہائی قرینے سے ڈھیریوں کی صورت سجا دی جاتی ہیں اور اسی ”لہنگی“ کو آدمی بانس کے درمیان سے کندھے پر موٹا کپڑا رکھ کر اُٹھا کر اپنا سُچا سودا آواز لگا کر بیچنے کے لئے روانہ ہو جاتا۔ ”ہائسکوپ“ نام سے ایک صندوق نما ڈبے میں بچوں کو دکھانے والی تصویریں ہوتی ہیں یہ ڈبہ کندھے پر اُٹھا کر گلی گلی گھوم کر آواز اٹھائی جاتی ہے۔ بارہ من کی دھوبن دیکھیں، تاج محل اور بادشاہی مسجد دیکھیں، بچے شوق سے آ کر معمولی پیسوں کی ادائیگی سے چھ آنوں اور چونی اَٹھنی کے لگ بھگ ہوتی ہے۔ دکھانے والے کو دے کر تصویریں دیکھتے اور خوش ہوتے ہیں،مختلف قسم کے اَن گنت کمپنیوں کے شہروں کے بازاروں میں جگہ جگہ لاتعداد چھوٹے موٹے دفاتر ہیں اکثر ان دفاتر میں ادنیٰ سے درمیانہ درجے کے معاوضہ پانے والوں کی اکثریت ہوتی ہے۔ وہاں روزانہ دن میں کئی کئی نوجوان اور معمر افراد بھی گلے میں بڑے بڑے تھیلے لٹکائے دفاتر کے چکر لگاتے اور چائے کے ساتھ کھانے والی مختلف اشیاء کی ہلکی آواز لگاتے ہیں۔
دفاتر کے اکثر متوسط طبقے کے مرد و خواتین ان کے انتظار ہی میں رہتے اور پھر ضرورت کے مطابق اشیاء خریدتے ہیں۔ مفلوک الحال کروڑوں خاندانوں کی گذرِ اوقات کا سلسلہ ایسے کاموں سے منسلک بچوں اور بڑوں کی محنت سے جاری رہتا ہے۔ غربت کے داغوں کی جلن تو کوئی اِس دُکھ میں جلنے والوں سے پوچھے۔ ہائی سکولوں میں زیر تعلیم نو عمر لڑکوں کو سردیوں کی ٹھٹھرتی ہوئی راتوں میں ”گرم انڈے“ کی آوازیں لگاتے سنا جاتا ہے، رات گئے اُبلے انڈوں کی تھوڑی بہت کمائی سے گھر کی ضرورت پوری کرتے ہیں،اِسی طرح بڑے شہروں کے بڑے پُررونق کاروباری بازاروں میں مالی لحاظ سے بے وسیلہ مرد و خواتین ہاتھوں میں نالے(آزار بند) پراندے لئے بیچ رہے ہوتے ہیں، چھوٹے چھوٹے بچے جن کی عمریں دس دس، بارہ بار سال کے بھگ ہوتی ہیں پینسلیں، پنسل تراش اور کاپیاں سڑک کے ایک کنارے چادر پر رکھ کر فروخت کر رہے ہوتے ہیں اور ایسی ہی پُررونق جگہوں پر لوگوں کی ایک معتدبہ تعداد کندھوں پر موسموں کی مناسبت سے استعمال شدہ درآمدی واسکٹیں، کوٹ،پتلونیں اوربچوں کے پہناوے فروخت کر کے روزی کماتے ہیں۔ سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی شکر قندی، سنگھاڑے جگہ جگہ بکتے نظر آنے لگتے ہیں جیسے ہمارا جیتا جاگتا اور ہنستا بستا ماحول ایسی صدیوں سے رواں دواں روایتوں سے خالی ہو کر سنسان ہو رہا ہے، جگہ جگہ کسی نہ کسی غیر رونق شاہراہ کے کونے کھدرے میں مکئی،جوار اور چنے بھوننے کی عارضی چھوٹی چھوٹی بھٹیاں نظر آیا کرتی تھیں۔ چھلیاں (سٹے) بھوننے والی کوئلوں کی چولہا نما بھٹیاں اور”آبو“ کی ہوئی گرما گرم ریت میں دبی چھلیوں والی رہڑھیاں۔ اس پورے ماحول کو کس کی نظر کھا گئی۔ ایسی روایتیں کبھی مرا نہیں کرتیں۔یہ محروم طبقوں کی زندہ علامتیں ہیں محروم طبقے ایسی حیات بخش روایتوں کے سہارے ہی زندہ رہ سکتے ہیں۔
٭٭٭٭٭

Leave a reply