
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے، جبکہ ان کے ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 46ویں اوور کے اختتام پر پیش آیا، جب حارث رؤف اور انگلش آل راؤنڈر ول جیکس کے درمیان میدان میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ میچ آفیشلز نے حارث رؤف کو وارننگ دی، تاہم بحث جاری رہنے پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔
تازہ سزا کے بعد گزشتہ 24 ماہ کے دوران حارث رؤف کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ یہ دو سال کے عرصے میں ان کی جانب سے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کا تیسرا واقعہ ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کو بھی سلو اوور ریٹ پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ آفیشلز کے مطابق انگلش ٹیم مقررہ وقت میں تین اوورز مکمل کرنے میں ناکام رہی۔
آئی سی سی نے تصدیق کی کہ حارث رؤف اور ہیری بروک دونوں نے اپنے خلاف الزامات اور سزاؤں کو تسلیم کر لیا ہے، اس لیے معاملے کی باقاعدہ سماعت نہیں ہوئی۔ یوں دونوں کھلاڑیوں کے خلاف انضباطی کارروائی مکمل کر دی گئی۔








