
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں پاکستان کا کوئی بھی بیٹر ابتدائی پانچ کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بنا سکا، جب کہ بابراعظم 2درجے تنزلی کے بعد نویں پوزیشن پرآگئے ہیں۔
جاری کردہ رینکنگ کے مطابق بھارت کے شبمن گل بدستور ون ڈے بیٹرز میں پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے دوسری جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی نے تیسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
بولرز کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
پاکستان کے ابرار احمد ایک درجے نیچے آکر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے دو درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے چھٹی پوزیشن سنبھال لی ہے۔
فاسٹ بولر حارث رؤف کی رینکنگ میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے اور وہ9 درجے تنزلی کے بعد 29ویں نمبر پر آگئے ہیں۔









