بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک

0
20
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں سکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 26 اکتوبر کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئیں، جن کا مقصد دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا تھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ضلع کچھی میں سکیورٹی فورسز نے ایک مشتبہ ٹھکانے پر کارروائی کی۔ اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے بعد جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ ٹھکانے کو تباہ کردیا گیا۔

دوسری کارروائی ضلع وڈھ میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ حکام کے مطابق اس کارروائی میں بھی اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کو بھارتی سرپرستی حاصل تھی۔ تاہم، اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔

بیان کے مطابق دونوں علاقوں میں مزید مشتبہ عناصر کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے کو ممکنہ خطرات سے پاک کیا جاسکے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے جاری اس مہم کا مقصد ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا ہے۔

Leave a reply