
پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا نے دفاعی صنعت اور سکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں۔
ترک وزارتِ دفاع کے مطابق اس معاہدے پر قطر میں ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر کے دورے کے دوران دستخط کیے گئے۔ معاہدے کا نام ’بدر مفاہمتی یادداشت‘ (Badr Memorandum of Understanding) رکھا گیا ہے۔
دستاویز پر پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف، ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر، قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن حسن الثانی اور انڈونیشیا کے نائب وزیرِ دفاع یوسف جوہری نے دستخط کیے۔
ترک دفاعی صنعتی ایجنسی کے مطابق اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد چاروں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں جاری منصوبوں کو آگے بڑھانا اور صنعتی و سکیورٹی تعاون کے نئے مواقع کو فروغ دینا ہے۔
اس معاہدے کے ذریعے چاروں ممالک کے درمیان دفاعی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔








