پاکستان کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اسے روکنے کی کوشش جنگی اقدام ہوگی: وزیراعظم

0
4
پاکستان کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اسے روکنے کی کوشش جنگی اقدام ہوگی: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے پانی کا تحفظ قومی اہمیت کا معاملہ ہے اور پانی کی فراہمی روکنے کی کسی بھی کوشش کو جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی سے متعلق بھارتی فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری تمام ممالک کی ذمہ داری ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت، دفاع، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مالدیپ کے متعدد طلبہ پاکستانی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جبکہ پاکستانی ڈاکٹرز اور طبی عملہ مالدیپ میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ پاکستان برادر ملک کی ضروریات پوری کرنے میں مزید تعاون کے لیے تیار ہے۔

وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

اس موقع پر مالدیپ کے صدر ڈاکٹر معیزو نے کہا کہ دونوں ممالک کے چھ دہائیوں پر محیط سفارتی تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر قائم ہیں۔ انہوں نے تجارت، تعلیم، صحت، نوجوانوں کے تبادلوں اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

Leave a reply