غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی حملہ ، دنیا سراپا احتجاج

0
78

ہاٹ لائن نیوز: اسرائیلی فوج کے غزہ میں ایک اسپتال پر فضائی حملے میں 800 سے زائد افراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں جس کی پاکستان سمیت دیگر ممالک نے شدید مذمت کی ہے۔

اسرائیلی راکٹ حملے کے بعد غزہ کا ایک اسپتال ملبے کا ڈھیر بن گیا جب کہ قریب ہی شدید آگ بھی لگی ہوئی ہے، وزارت صحت کے مطابق اسپتال پہلے ہی زخمیوں اور بیمار مریضوں سے بھرا ہوا تھا۔

پاکستان، سعودی عرب، مصر، کینیڈا، ترکی، قطر سمیت مختلف ممالک نے اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان میں اسرائیل کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ معصوم لوگوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

سعودی عرب نے اسپتال پر حملے کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے اسپتال پر حملہ کرکے انتہائی سنگین جرم اور گھناؤنا فعل کیا ہے۔

مصر نے ہسپتال پر حملے کی مذمت کرتےہوئے کہا ہےکہ عالمی برادری کو ایسی خلاف ورزیوں کو روکنے کیلیے فوری مداخلت کرنی چاہیے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ غزہ کے ایک اسپتال پر اسرائیلی حملہ “خوفناک اور قطعی طور پر ناقابل قبول” اور ناقابل معافی ہے۔

ترکیہ کےصدر رجب طیب اردگان نے کہا ہےکہ غزہ کے اسپتال پرحملہ “اسرائیلی حملوں کی تازہ ترین مثال ہےجوبنیادی انسانی اقدار سے مبرا ہیں۔” اردگان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا، “میں پوری انسانیت سے غزہ میں ہونے والے مظالم کو روکنے کے لیے ایکشن لینے کا مطالبہ کرتا ہوں۔”

قطر کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے بیان میں غزہ میں ایک ہسپتال پر اسرائیل کے فضائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ “غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں ہسپتالوں، اسکولوں اور آبادی کے دیگر مراکز کو شامل کرنا ایک خطرناک اضافہ ہے”۔

ایران نے اسرائیلی اسپتال پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے گھناؤنا فعل قرار دیا۔

اردن کی وزارت خارجہ نے بھی منگل کو ایک بیان جاری کر کے ہسپتال پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

بیان میں فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے فوری کوششوں پر زور دیا۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے غزہ میں ایک اسپتال پر مہلک فضائی حملے کے بعد تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

Leave a reply