بھارتی طیارے میں پاور بینک میں آگ لگنے سے ہنگامی لینڈنگ

دہلی سے چنئی جانے والی انڈیگو ایئرلائن کی پرواز کا رخ حیدرآباد موڑ دیا گیا، واقعے میں مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا
بھارت میں انڈیگو ایئرلائن کی ایک پرواز میں پاور بینک میں آگ لگنے کے باعث ہنگامی صورت حال پیدا ہوگئی، جس کے بعد طیارے کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز 11 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی سے چنئی جارہی تھی کہ دورانِ سفر طیارے کے اندر سامان رکھنے والے بالائی خانے میں موجود ایک پاور بینک میں آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کے بعد مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی طور پر بعض مسافروں نے آگ بجھانے کی کوشش کی، تاہم کیبن کریو نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائر ایکسٹنگوئشر کی مدد سے آگ پر قابو پالیا۔ واقعے کے پیش نظر طیارے کا رخ تبدیل کرکے حیدرآباد میں اتارا گیا۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی، جس میں بالائی سامان رکھنے والے خانے سے شعلے نکلتے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو میں چند مسافروں کو اپنی نشستوں سے اٹھ کر آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
ایئرلائن کے مطابق عملے نے بروقت اقدامات کرکے صورت حال کو قابو میں کرلیا۔ بعد ازاں مسافروں کو ان کی منزل چنئی پہنچانے کے لیے متبادل طیارے کا انتظام کیا گیا۔









