اقرار الحسن لاہور میں گھر سے حراست میں لے لیے گئے، اہلخانہ کا دعویٰ

معروف ٹی وی اینکر اور پاکستان عوام راج تحریک کے سربراہ اقرار الحسن کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے مبینہ طور پر حراست میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
اہلیہ فرح اقرار کے مطابق، سادہ لباس میں ملبوس افراد رات تقریباً 3 بجے ڈی ایچ اے فیز 8 میں واقع ان کے گھر پہنچے اور اقرار الحسن کو اپنے ساتھ لے گئے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اہلکار گھر سے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور سی سی ٹی وی ریکارڈنگ بھی لے گئے۔
اقرار الحسن کی پہلی اہلیہ قرۃ العین اقرار نے بھی ان کی بازیابی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب سے مدد کی اپیل کی ہے، جبکہ اینکر وسیم بادامی نے بھی ان کی گرفتاری سے متعلق اطلاعات کی تصدیق کی ہے۔
تاحال اقرار الحسن کو حراست میں لینے کی وجوہات اور ان کے خلاف کسی مقدمے کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ متعلقہ حکام کا باضابطہ مؤقف بھی تاحال سامنے آنا باقی ہے۔









