
- راولپنڈی: پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹر محمد فاروق نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔
پریزیڈنٹ ٹرافی فرسٹ کلاس کے دوسرے راؤنڈ میں ایم آئی ٹی سلوشنز کی نمائندگی کرنے والے محمد فاروق نے شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں کے آر ایل کے خلاف 163 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
محمد فاروق کی اننگز میں 11 چوکے اور 14 چھکے شامل تھے، جس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اننگز کے دوران سب سے زیادہ چھکے لگانیکا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ گل فراز خان کے پاس تھا، جنہوں نے 1976-77 کے سیزن میں پاکستان یونیورسٹیز کے خلاف ایک اننگز میں 12 چھکے لگائے تھے۔
محمد فاروق نے اپنی 14 چھکوں پر مشتمل اننگز کے ساتھ پاکستانی بیٹرز میں مجموعی فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی ایک اننگز کے دوران سب سے زیادہ چھکے لگانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز ماجد خان کے پاس تھا، جنہوں نے 1967 میں گلیمورگن کے خلاف 13 چھکے لگائے تھے۔









