پمز سانحہ: نومولود بچوں کی ہلاکت پر وزیراعظم برہم، انکوائری کمیٹی قائم

0
13
پمز سانحہ: نومولود بچوں کی ہلاکت پر وزیراعظم برہم، انکوائری کمیٹی قائم

اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں واقعے کا جائزہ لیا گیا، جہاں وفاقی سیکریٹری صحت اسلم غوری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہے۔
واقعے کی وجوہات اور ممکنہ انتظامی غفلت کا تعین کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔ سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نویل اعوان سمیت دیگر متعلقہ حکام کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو فوری طور پر پمز پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لینے اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق نرسری میں آگ لگنے کے وقت 16 نومولود بچے موجود تھے۔ واقعے میں متعدد بچوں کی جان چلی گئی، جبکہ ایک بچے کو محفوظ نکال لیا گیا۔
انکوائری کمیٹی آتشزدگی کی وجوہات، اسپتال کے حفاظتی انتظامات، ممکنہ انتظامی غفلت اور دیگر متعلقہ امور کی تحقیقات کرکے اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

Leave a reply