
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 27 اگست سے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے۔ اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آئندہ ایک سے دو روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ 27 اگست سے بارش کے دوران تیز ہواؤں کے جھکڑ بھی چلنے کا امکان ہے۔
کراچی میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سمندری ہواؤں کی رفتار کم ہونے اور نمی میں اضافے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوسکتی ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بھی گرمی اور حبس برقرار رہنے کی توقع ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری جبکہ کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہ سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، تورغر، ہری پور اور جنوبی وزیرستان میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے، جبکہ پشاور میں درجہ حرارت 37 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاط برتنے اور بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔









