
ہانگ کانگ میں جاری سپر سکسز کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔
مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے گروپ سی کے مقابلے میں پاکستانی کپتان عباس آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ چھ اوورز میں 88 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے ششانک سنگھ نمایاں بیٹر رہے، جنہوں نے صرف 11 گیندوں پر 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں دو چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے ایک اوور میں 10 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ احمد دانیال اور محمد شہزاد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستانی بیٹرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔
پاکستان کی کامیابی میں خواجہ نافع اور کپتان عباس آفریدی نے اہم کردار ادا کیا۔ خواجہ نافع نے محض 12 گیندوں پر 41 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں دو چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے، جبکہ عباس آفریدی نے 35 رنز بنا کر ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔
عبدالصمد 7 اور عرفان خان 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح پاکستان نے جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بھارت کے خلاف چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔








