
حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سرکاری ٹیکسوں اور دیگر چارجز میں اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں عالمی یا مقامی سطح پر ریفائنری قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود صارفین کو مہنگے ایندھن کی صورت میں بوجھ اٹھانا پڑا۔
معلومات کے مطابق 18 اپریل کے بعد ایک ہفتے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں 3 روپے 44 پیسے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 14 پیسے فی لیٹر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اس کے برعکس حکومتی سطح پر لیوی ٹیکس اور ان لینڈ فریٹ ایکوالائزیشن مارجن میں اضافے کے باعث دونوں ایندھن کی مجموعی قیمتوں میں تقریباً 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اگر ٹیکس اور دیگر چارجز میں اضافہ نہ کیا جاتا تو امکان تھا کہ ایندھن کی قیمتیں مستحکم رہتیں یا اضافہ نہ ہوتا۔









