اولڈ ایج ہوم میں محبت کی ایسی داستان کہ سب حیران رہ گئے، 75 سالہ بزرگ نے 63 سالہ خاتون سے شادی کرلی

بھارت میں تنہائی اور اپنوں کی بے رخی کا شکار دو بزرگوں کو اولڈ ایج ہوم میں زندگی کا نیا ساتھی مل گیا۔
بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع بلاسپور میں 75 سالہ کنہیا لال اور 63 سالہ سبینہ نے شادی کرکے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا۔ دونوں کی ملاقات اولڈ ایج ہوم میں ہوئی تھی، جہاں وقت گزرنے کے ساتھ ان کی دوستی محبت میں بدل گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ شادی ضلع بلاسپور کے اولڈ ایج ہوم ’’اپنا گھر‘‘ میں ہندو مذہبی رسومات کے تحت منعقد ہوئی۔ تقریب میں اولڈ ایج ہوم کے رہائشیوں، انتظامیہ اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر دلہا اور دلہن نے ایک دوسرے کو پھولوں کے ہار پہنائے اور مقدس آگ کے گرد سات پھیرے لے کر ازدواجی زندگی کا عہد کیا۔
کنہیا لال کی زندگی مشکلات سے بھری رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اہلیہ کے انتقال کے بعد انہوں نے اپنی جائیداد بھائیوں کے نام منتقل کردی تھی، تاہم بعد میں انہیں گھر سے بے دخل کردیا گیا۔ بے گھر ہونے کے بعد وہ غار میں رہنے پر مجبور ہوگئے، جہاں سے انہیں 2022 میں بازیاب کرایا گیا۔
دوسری جانب سبینہ کا تعلق کولکتہ سے ہے۔ وہ گھر سے بچھڑ کر ہماچل پردیش پہنچ گئی تھیں، جس کے بعد انہیں 2025 میں بلاسپور کے اولڈ ایج ہوم میں منتقل کردیا گیا۔
اولڈ ایج ہوم میں قیام کے دوران دونوں کی ملاقات ہوئی اور رفتہ رفتہ ایک دوسرے سے انسیت بڑھنے لگی۔ بالآخر انہوں نے زندگی کے باقی ایام ایک دوسرے کے ساتھ گزارنے کا فیصلہ کرلیا۔
شادی کی تقریب میں ضلع بلاسپور کی ڈپٹی کمشنر کرن بھادانا بھی شریک ہوئیں۔ انہوں نے نومنتخب جوڑے کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتی عمر کا یہ مطلب نہیں کہ انسان خوشی، محبت اور رفاقت کی خواہش سے دستبردار ہوجائے۔
شادی کے بعد کنہیا لال اور سبینہ ضلع سولن کے علاقے نالہ گڑھ میں قائم ایک دوسرے اولڈ ایج ہوم منتقل ہوجائیں گے، جہاں وہ اپنی ازدواجی زندگی کا نیا باب شروع کریں گے۔
یہ شادی اس بات کی خوبصورت مثال ہے کہ محبت اور زندگی میں نئے رشتے قائم کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی۔









