
پلاسٹر کے اندر خارش کیوں ہوتی ہے؟ ماہرین نے محفوظ طریقے بھی بتا دیے
ہڈی ٹوٹنے کے بعد لگایا جانے والا پلاسٹر فریکچر کو درست طریقے سے جڑنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، تاہم اس دوران پلاسٹر کے اندر خارش ہونا ایک عام شکایت ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ کیفیت اکثر معمول کا حصہ ہوتی ہے، لیکن غلط طریقے اپنانے سے مسئلہ سنگین ہو سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پلاسٹر کے اندر جلد کو مناسب ہوا نہیں ملتی، جس سے جلد خشک ہو سکتی ہے اور خارش محسوس ہونے لگتی ہے۔ اس کے علاوہ گرمی یا پسینہ جمع ہونے سے بھی بے چینی بڑھ سکتی ہے۔ بعض اوقات ہڈی کے بھرنے کے قدرتی عمل کے دوران بھی ہلکی خارش محسوس ہونا معمول کی بات ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق اگر خارش زیادہ پریشان کر رہی ہو تو ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق پلاسٹر کے اوپر ٹھنڈی ہوا دی جا سکتی ہے۔ اسی طرح کپڑے میں لپٹا ہوا آئس پیک بھی وقتی آرام دے سکتا ہے، تاہم اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ پلاسٹر کسی صورت گیلا نہ ہو۔
ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ قلم، اسکیل، تار یا کسی بھی نوکیلی چیز کو پلاسٹر کے اندر ڈالنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ اس سے جلد زخمی ہو سکتی ہے اور انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی طرح ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر کوئی دوا، کریم یا پاؤڈر استعمال کرنے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فریکچر سے صحت یابی کے دوران متوازن غذا، خصوصاً کیلشیم اور پروٹین سے بھرپور خوراک، ہڈیوں کی مضبوطی میں مددگار ثابت ہوتی ہے، جبکہ مناسب آرام بھی صحت یابی کے عمل کو بہتر بناتا ہے۔
اگر پلاسٹر کے اندر شدید خارش، مسلسل درد، بدبو، جلن، انگلیوں کا نیلا پڑ جانا یا سوجن جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے، کیونکہ یہ کسی پیچیدگی کی علامت ہو سکتی ہیں۔









