پاک فوج سے متعلق متنازع بیان پر نورین نیازی کو این سی سی آئی اے کا نوٹس

اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کو سوشل میڈیا پر مبینہ متنازع بیانات کے معاملے میں طلب کر لیا ہے۔
جاری کیے گئے نوٹس کے مطابق نورین نیازی کو 20 جولائی کو دوپہر 12 بجے اسلام آباد میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے اور تضحیک آمیز مواد کی تشہیر کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ اگر وہ مقررہ وقت پر پیش نہ ہوئیں تو دستیاب شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا سکتی ہے۔
یہ پیش رفت نورین نیازی کے ایک حالیہ بیان کے بعد سامنے آئی، جس میں انہوں نے مبینہ طور پر پاک فوج اور “معرکۂ حق” سے متعلق متنازع دعوے کیے۔ انکے بیان میں مختلف شخصیات اور معاملات سے متعلق بھی کئی الزامات عائدکیےگئے۔
ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے ان الزامات کی تائید میں کوئی باضابطہ شواہد بھی سامنے نہیں آئے۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس کے بعد اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ نورین نیازی کی جانب سے نوٹس پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔









