
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے چند گھنٹے قبل اسپین کی قومی فٹبال ٹیم کی تیاریوں کو خراب موسم نے متاثر کیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو جرسی میں جاری ٹریننگ سیشن کو طوفانی موسم اور آسمانی بجلی کے خطرے کے باعث عارضی طور پر روک دیا گیا۔
اسپینش فٹبال فیڈریشن کے مطابق امریکی حفاظتی ضوابط کے تحت کھلے میدان میں سرگرمیاں معطل کی گئیں، جس کے بعد کھلاڑیوں نے اپنی تیاری ہال کے اندر وارم اپ سیشن کی صورت میں جاری رکھی۔ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ موسم بہتر ہونے پر ٹیم دوبارہ میدان میں مکمل پریکٹس کرے گی یا نہیں۔
ادھر ارجنٹینا کی ٹیم نے بارش کے باوجود اپنی ٹریننگ جاری رکھی۔ دونوں ٹیمیں اتوار کو نیو جرسی میں ہونے والے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔
ریاست نیو جرسی کی انتظامیہ نے بھی شہریوں کو شدید موسم کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ حکام کے مطابق تیز ہواؤں، گرج چمک، ممکنہ بگولوں، اچانک سیلاب اور ژالہ باری کا امکان موجود ہے، جس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فائنل میں ارجنٹینا مسلسل دوسری بار عالمی ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرے گا، جبکہ اسپین 2010 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کا تاج دوبارہ اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اترے گا۔









