
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر کا تعلق تاریخی، جذباتی اور قربانیوں پر مبنی ہے، اور موجودہ حالات میں اس رشتے کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں آزاد کشمیر کے انتخابات خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔
ایل اے 36 جموں 3 میں انتخابی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں آزاد کشمیر کے متعدد انتخابات دیکھے گئے، تاہم موجودہ انتخابات ایسے حالات میں ہو رہے ہیں جو کشمیر کاز اور کشمیری عوام کے مستقبل کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کشمیری مہاجرین کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی جدوجہد آزادی کی تاریخ کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے حق میں آواز بلند کرنے والے متعدد نوجوان لاپتا ہوئے یا جانوں سے گئے، جن کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے اس مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “کشمیر ہماری شہ رگ ہے”، اور کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے تعلق کو مختلف انداز میں چیلنج کیا جا رہا ہے۔
وزیر دفاع نے اپنی تقریر میں مسلح افواج کی قربانیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع میں دی جانے والی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کردار علاقائی اور بین الاقوامی معاملات میں بھی اہمیت اختیار کر رہا ہے۔








