پاکستان کے پہلے خلا باز کی روانگی قریب، احسن اقبال چین پہنچ گئے

0
16
پاکستان کے پہلے خلا باز کی روانگی قریب، احسن اقبال چین پہنچ گئے

بیجنگ: پاکستان کے پہلے خلا باز کو خلائی مشن پر بھیجنے کی تیاریاں فیصلہ کن مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اس تاریخی مشن کی تقریب میں شرکت کے لیے چین پہنچ گئے ہیں۔

چینی حکام نے پاکستانی خلا باز کو خلا میں لے جانے والے شینژو 24 خلائی جہاز کی لانچنگ سے قبل مشق کامیابی سے مکمل کرلی ہے۔ مشن میں شرکت کے لیے پاکستان کے دو امیدواروں کو تربیت دی گئی ہے، جن میں سے ایک کا حتمی انتخاب کیا جائے گا۔

بیجنگ پہنچنے پر احسن اقبال کا چینی حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے نمائندوں نے استقبال کیا۔ اپنے دورے کے دوران وہ خلائی تربیتی مرکز کا دورہ کریں گے اور دونوں پاکستانی امیدواروں سے ملاقات بھی کریں گے۔

پاکستان کیجانب سے محمدذیشان علی اور خرم داؤدکو اس مشن کیلیے شارٹ لسٹ کیاگیا ہے۔ منتخب امیدوار چین کےتیانگونگ خلائی اسٹیشن کا سفر کرے گا، جہاں وہ تقریباً ایک ہفتہ قیام کے دوران سائنسی تجربات میں حصہ لے گا۔ دوسرا امیدوار متبادل خلا باز کے طور پر تیار رہے گا۔

پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کے مطابق لانچنگ کی مشق چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں ہوئی، جس میں خلائی عملے نے پرواز سے پہلے تمام اہم مراحل کی مشق مکمل کی۔ شینژو 24 خلائی جہاز اور اس کا راکٹ 17 نومبر کو لانچنگ مقام پر پہنچا دیا گیا تھا، تاہم روانگی کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

احسن اقبال نے اس پیش رفت کو پاکستان کے لیے تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مشن ملک کے نوجوانوں کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کی نئی راہیں کھولے گا۔

پاکستان اور چین کے درمیان خلا بازی کے شعبے میں تعاون کا آغاز فروری 2025 میں پاکستانی امیدواروں کی تربیت کے معاہدے سے ہوا تھا۔ اس اشتراک کے تحت دونوں ممالک اب انسانی خلائی پرواز کے میدان میں بھی مل کر کام کر رہے ہیں۔

خلائی تعاون کے مستقبل کے منصوبوں میں پاکستان کا تیار کردہ روور بھی شامل ہے، جسے 2028 کے لگ بھگ چین کے چانگ ای 8 مشن کے ذریعے چاند پر بھیجنے کا منصوبہ ہے۔

یہ پیش رفت پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم سنگ میل تصور کی جارہی ہے اور اس سے عالمی سطح پر سائنسی تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی میں پاکستان کی شمولیت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

Leave a reply