زمین کو مل گیا دوسرا چاند! سائنس دانوں کا حیران کن انکشاف

0
19
زمین کو مل گیا دوسرا چاند! سائنس دانوں کا حیران کن انکشاف

زمین کے گرد گردش کرنے والے قدرتی خلائی اجسام میں ایک نیا اضافہ سامنے آیا ہے، جسے ماہرینِ فلکیات نے ’منی مون‘ یا عارضی چاند کا نام دیا ہے۔ یہ ایک چھوٹا قدرتی سیارچہ ہے جو زمین کی کششِ ثقل کے باعث عارضی طور پر اس کے مدار میں داخل ہوا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ خلائی چٹان مستقل طور پر زمین کے ساتھ نہیں رہے گی بلکہ دسمبر کے اوائل میں زمین کی کششِ ثقل سے نکل کر دوبارہ سورج کے گرد اپنے معمول کے مدار میں چلی جائے گی۔

بین الاقوامی فلکیاتی یونین کے مائنر پلینیٹ سینٹر نے اس سیارچے کو باضابطہ طور پر ’2026 QQ8‘ کا نام دیا ہے۔ اس کا حجم انتہائی چھوٹا ہونے کے باعث ابتدائی مشاہدات میں اس کی حقیقت کا تعین کرنا آسان نہیں تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ منی مون کوئی باقاعدہ سائنسی اصطلاح نہیں، بلکہ یہ نام ایسے قدرتی خلائی اجسام کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو کچھ عرصے کے لیے زمین کے گرد گردش کرنے لگتے ہیں۔

ماضی میں بھی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ 2006 میں دریافت ہونے والا سیارچہ RH120 تقریباً ایک سال تک زمین کے گرد رہا، جبکہ 2020 میں دریافت ہونے والا 2020 CD3 لگ بھگ تین سال تک زمین کا عارضی ساتھی بنا رہا۔

زمین کو اس سے کوئی خطرہ ہے؟

فلکیاتی ماہرین کے مطابق اس سیارچے سے زمین کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں۔ اس کا حجم انتہائی محدود ہے اور زمین سے ٹکرانے کا کوئی خدشہ ظاہر نہیں کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ چھوٹا خلائی جسم کسی صورت زمین کی فضا میں داخل بھی ہو جائے تو فضا سے رگڑ کے باعث جل کر ختم ہو سکتا ہے اور آسمان پر شہابِ ثاقب کی طرح روشن دکھائی دے گا۔

اس سیارچے کو ابتدائی طور پر اگست میں ہنگری کی کونکولی آبزرویٹری کے محقق کرسٹیان سارنیزکی نے دریافت کیا تھا۔ بعد ازاں مختلف دوربینوں کی مدد سے اس کی نقل و حرکت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے نتیجے میں اس کے قدرتی خلائی چٹان ہونے کی تصدیق ہوئی۔

سائنس دانوں کے مطابق ایسے بیشتر سیارچے مریخ اور مشتری کے درمیان موجود سیارچوں کی پٹی سے آتے ہیں۔ جب کوئی خلائی چٹان زمین کے قریب سے گزرتی ہے تو زمین اور چاند کی کششِ ثقل بعض اوقات اسے عارضی طور پر زمین کے گرد گردش کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔

ماہرینِ فلکیات اب تک نظامِ شمسی میں لاکھوں خلائی اجسام کی نشاندہی کر چکے ہیں۔ توقع ہے کہ چلی میں قائم ویرا سی روبن آبزرویٹری کا طویل المدتی سروے مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد خلائی اجسام کی دریافت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

سائنس دانوں کے نزدیک منی مون کا مطالعہ زمین کے قریب موجود سیارچوں، ان کی حرکت اور نظامِ شمسی کی تشکیل سے متعلق معلومات حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

Leave a reply