پاکستان میں ادویات کی اصلیت اور قیمت جانچنے کے لیے نئی ایپ متعارف

0
39
پاکستان میں ادویات کی اصلیت اور قیمت جانچنے کے لیے نئی ایپ متعارف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے ملک میں جعلی ادویات کی فروخت روکنے اور صارفین کو ادویات کی درست قیمت سے آگاہ کرنے کے لیے ڈیجیٹل سہولت متعارف کرا دی ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے شروع کی گئی ’محفوظ دوا‘ ایپ کے ذریعے شہری ادویات کی پیکنگ پر موجود بارکوڈ اسکین کرکے ان کی رجسٹریشن اور سرکاری قیمت معلوم کر سکیں گے۔

ڈریپ کے مطابق اس ایپ میں ٹو ڈی بارکوڈ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ صارفین اپنے موبائل فون کے کیمرے سے دوا کے ڈبے پر درج بارکوڈ اسکین کرکے متعلقہ دوا کی رجسٹریشن اور قیمت سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس سہولت سے یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ دوا سرکاری ریکارڈ میں رجسٹرڈ ہے یا نہیں اور اس کی فروخت مقررہ قیمت کے مطابق ہو رہی ہے یا نہیں۔

وزارتِ قومی صحت کے ترجمان ساجد شاہ کے مطابق پاکستان میں تقریباً 800 دوا ساز کمپنیاں اور 90 ہزار سے زیادہ ادویات ڈریپ کے پاس رجسٹرڈ ہیں۔

دوسری جانب ملک میں ادویات کی تیاری، ترسیل اور تقسیم کی نگرانی کے لیے مرکزی ٹریک اینڈ ٹریس نظام بھی 9 اکتوبر 2026 سے فعال کر دیا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے متعلقہ ادارے ادویات کی تیاری سے لے کر مارکیٹ تک پہنچنے کے مختلف مراحل کی نگرانی کر سکیں گے۔

حکام کے لیے اس نظام کا ایک اہم فائدہ یہ بھی ہوگا کہ کسی دوا کے معیار یا حفاظت سے متعلق شکایت سامنے آنے پر متاثرہ بیچ کی نشاندہی اور اسے مارکیٹ سے واپس لینے کا عمل زیادہ مؤثر بنایا جا سکے گا۔

پاکستان میں ادویات کی پیکنگ پر بارکوڈ متعارف کرانے کی تجویز پہلی مرتبہ 2015 میں سامنے آئی تھی، جبکہ 2017 میں وفاقی کابینہ نے اس منصوبے کی منظوری دی تھی۔ تاہم مختلف انتظامی وجوہات کی بنا پر اس پر عمل درآمد طویل عرصے تک تاخیر کا شکار رہا۔

بعد ازاں وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈریپ نے جعلی، غیر معیاری، زائدالمیعاد اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی روک تھام کے لیے یکم اکتوبر 2026 تک بارکوڈ نظام نافذ کرنے کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کی تھی۔

ڈریپ نے 5 نومبر کو جاری کردہ ایک عوامی الرٹ میں شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ ادویات اور علاج سے متعلق دیگر مصنوعات صرف مستند اور لائسنس یافتہ فارمیسیوں سے خریدیں۔ اس کے علاوہ دوا کی اصلیت اور معیار کی تصدیق کو بھی یقینی بنائیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ان ڈیجیٹل اقدامات کا مقصد ادویات کی فراہمی کے نظام میں شفافیت بڑھانا، جعلی مصنوعات کی روک تھام اور شہریوں کو محفوظ اور معیاری ادویات کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔

Leave a reply