ربیعہ احسن قتل کیس: ابتدائی تحقیقات میں غیرت کے نام پر قتل کے شواہد نہیں ملے، پولیس

راولپنڈی: خاتون صحافی ربیعہ احسن کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم پولیس کو اب تک غیرت کے نام پر قتل یا تشدد کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ ابتدائی تفتیش میں واقعہ حادثاتی فائرنگ کا نتیجہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات سامنے نہیں آئے۔ اہلخانہ نے بھی ابتدائی طور پر واقعے کو حادثہ قرار دیا ہے۔
تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت ربیعہ احسن اور ان کے شوہر الماری سے بچوں اور بڑوں کے گرم کپڑے نکال رہے تھے کہ اسی دوران الماری میں رکھا پستول سامنے آیا اور اچانک گولی چل گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق گولی ربیعہ احسن کی گردن کے نچلے حصے سے جسم میں داخل ہوئی اور کمر کی جانب سے باہر نکل گئی۔
پولیس نے واقعے کے حوالے سے گھر میں کام کرنے والے 15 سالہ ملازم سے بھی پوچھ گچھ کی، جسے تقریباً دو ہفتے قبل ملازمت پر رکھا گیا تھا۔ پوچھ گچھ کے بعد اسے گھر واپس بھیج دیا گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے ملنے والے گولی کے خول اور مبینہ طور پر استعمال ہونے والے پستول کو مزید فرانزک معائنے کے لیے لاہور بھجوا دیا ہے۔ فرانزک رپورٹ سے اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ آیا برآمد ہونے والا اسلحہ ہی فائرنگ میں استعمال ہوا تھا۔
دوسری جانب تحقیقاتی ٹیم جائے وقوعہ کا دوبارہ معائنہ کرکے دستیاب شواہد کا جائزہ لے گی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ حتمی رائے فرانزک رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں قائم کی جائے گی۔









